سپریم کورٹ، طلال چوہدری کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت عام انتخابات کے انعقاد تک ملتوی کرنے کی استدعا ایک بار پھر مسترد

جمعرات 21 جون 2018 18:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) سپریم کورٹ نے سابق وزیرمملکت طلال چوہدری کیخلاف توہین عدالت کے مقدمہ میں عام انتخابات کے انعقاد تک کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا ایک بار پھر مسترد کر دی ہے اور طلال چوہدری کو آئندہ سماعت پر حاضری سے استثنی دیتے ہوئے کیس کی سماعت 28 جون تک ملتوی کردی ہے ۔عدالت نے ہدایت کی کہ طلا ل چوہدری آئندہ سماعت پر عدالت میں اپنے گواہان پیش کریں۔

جمعرات کوجسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی اس موقع پرطلال چوہدری کے وکیل کامران مرتضٰی عدالت میں پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالت سے کہاکہ وہ بھانجیوں کی شادی کے باعث گزشتہ سماعت پر پیش نہ ہو نے پرعدالت سے معافی چاہتے ہیں ، میں آج بھی انتہائی گھریلو مصروفیات کے باوجود عدالت میں پیش ہورہا ہوں سماعت کے دوران طلال چوہدری کے گواہ جنرل منیجر پیمرا محمد طاہر نے حلف لینے کے بعد اپنا بیان ریکارڈ کرایا اور بتایا کہ طلال چوہدری کے خلاف پیمرا میں کوئی شکایت نہیں آئی تھی، تاہم پیمرا میں شکایات نواز شریف، مریم نواز اور احسن اقبال کے خلاف آئی تھیں، جسٹس گلزار نے ان سے کہاکہ وہ عدالت میں تقریر نہ کریں بلکہ صرف اس بات کاجواب د یں جوپوچھی جائے، عدالت کے استفسارپرگواہ نے مزید بتایا کہ ٹرانسکرپٹ کو جانچنا میرے امور میں شامل نہیں، عدالت کوطلال چوہدری کے وکیل نے مزید بتایا کہ عید کے باعث باقی گواہان پیش نہیں ہوسکے تاہم انہیں آئندہ سماعت پرعدالت میں پیش کردیا جائے گا ، جسٹس گلزار احمد نے ان سے کہاکہ عید تو ہوچکی، آخر کتنے دن تک عید کاسلسلہ چلتا رہے گا،ہم کیس کی سماعت 28 تک ملتوی کر دیتے ہیں ، جس پرکامران مرتضٰی نے عدالت سے استفسارکیا کہ کیا 28 جولائی کو کیس کی سماعت ہوگی، توجسٹس گلزار نے کہا کہ 28 جون کو کیس کی سماعت ضرور ہوگی، سماعت کے دوران طلال چوہدری نے عدالت سے استدعاکی کہ وہ عدالت میں کچھ کہنا چاہتا ہیں، فاضل جج نے ان سے کہا کہ وہ صبر کریں عدالت ان کو ضرور سنے گی ، طلال چوہدری کاعدالت کے روبرو کہنا تھا میری استدعا ہے کہ اس وقت ملک بھر میں انتخابی عمل جاری ہے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہورہی ہے، اس لئے کیس کی مزید سماعت عام انتخابات کے انعقاد تک ملتوی کردی جائے، جسٹس گلزار نے ان سے کہا کہ آپ بڑے سیاست دان ہیں، اس لئے ایک وقت میں کئی امور سرانجام دے سکتے ہیں دنیا کے کام رکتے نہیں بلکہ چلتے رہتے ہیں،ہم ایک دو دن میں آپ کا مقدمہ نمٹادیں گے، بعدازاں عدالت نے طلال چوہدری کو آئندہ سماعت پر حاضری سے مستثنٰی قراردیتے ہوئے مزید سماعت 28 جون تک ملتوی کردی اورہدایت کی کہ طلال چوہدری آئندہ سماعت پر اپنے دفاع میں گواہان پیش کریں۔