Live Updates

تحریک انصاف نے زعیم قادری کو شمولیت کی دعوت دے دی

شمولیت کی پیش کش جمعرات کے روز زعیم قادری کی جانب سے آزاد الیکشن لڑنے کے اعلان کے بعد کی گئی

muhammad ali محمد علی جمعرات 21 جون 2018 18:36

تحریک انصاف نے زعیم قادری کو شمولیت کی دعوت دے دی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 جون 2018ء) تحریک انصاف نے زعیم قادری کو شمولیت کی دعوت دے دی ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے شمولیت کی پیش کش جمعرات کے روز زعیم قادری کی جانب سے آزاد الیکشن لڑنے کے اعلان کے بعد کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما زعیم قادری نے ن لیگ کو خیر آباد کہہ دیا ہے۔ زعیم قادری نے حمزہ شہباز اور پارٹی قیادت کے رویے کیخلاف بغاوت کرتے ہوئے آزاد الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

زعیم قادری کے اس اعلان کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے بھی فوری ردعمل دیا گیا۔ تحریک انصاف نے زعیم قادری کو شمولیت کی دعوت دے دی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے زعیم قادری کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔ تاہم زعیم قادری نے اس حوالے سے فی الحال کوئی ردعمل نہیں دیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب جمعرات کے روز زعیم قادری نے مسلم لیگ ن کی قیادت سے ناراضگی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 8اکتوبر 1999ء کو مسلم لیگ ن میں ایک ادنیٰ کارکن کی حیثیت سے عملی سیاست کا آغاز کیا۔

اس کی بڑی وجہ میرے خون میں مسلم لیگ تھی ،ہے اور رہے گی۔تحریک پاکستان میں کارکردگی دکھانے پرتین گولڈمیڈلز سے نوازا۔میرے والد ،اور دادا نے قائد اعظم کے کہنے پراس خطاب کولینے سے انکار کردیا جوانگریز نے ان کا دیا تھا۔یہ باتیں اس لیے کررہا ہوں کہ یہ باتیں میں نے کبھی بھی نہیں کیں۔انہوں نے کہاکہ میرے والد نے ایوب خان، یحیٰ خان ، ضیاء الحق اور ذوالفقار بھٹو کی سول آمریت میں جیلیں کاٹیں۔

میں نے والد کے نقش قدم پرمسلم لیگ ن کے پلیٹ فورم سے سیاسی جدوجہد شروع کی۔مسلم لیگ ن کا ترجمان رہا،سیکرٹری اطلاعات بھی رہا۔جوآج عہدوں پربیٹھے ہیں وہ ہمیں تب بے وقوف کہتے تھے۔کہ تم کس دیوار کے ساتھ ٹکر مار رہے ہو۔لیکن 2002ء کے الیکشن میں محترمہ کلثوم نواز اور نوازشریف کا کورنگ امیدوار تھا۔لیکن میری جگہ کچھ اور لوگوں کوآگے کردیا گیا۔

پانچ سال پابند سلاسل بھی رہا۔شہبازشریف نے 2008ء کے شروع میں فون پربتایا کہ صدرکو تمہاری شکل پسند نہیں اس لیے جنرل سیکرٹری کا عہدہ چھوڑ دو۔میں نے کوئی دوسرا سوال نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ پچھلے دس برس میں وہ لوگ جوپارٹی میں نہیں تھے ان کووزراء بنایا گیا۔لیکن انہوں نے پارٹی کودفاع نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ میں نے روزپانچ گھنٹے ٹی وی پراپنی سیاست اور جماعت کودفاع کیا۔

لوگوں سے برابھلا سنا لیکن کبھی اس بات کاذکر نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ میں حمزہ شہبازشریف کے بوٹ پالش نہیں کرسکتا۔میں سید ہوں۔اولاد امام حسین ہوں۔جان دے سکتا ہوں عزت نہیں دوں گا۔لاہور تمہاری اور تمہارے باپ کی جاگیرنہیں ہے۔تمہیں سیاست کرکے دکھاؤں گا۔انہوں نے کہاکہ میں تمہاری نوکری نہیں کروں گا۔میں نوکری عوام کی کروں گا۔تم اپنے لاڈلوں ،بوٹ پالشیوں اور مالشیوں کولاؤ۔

میرا الیکشن تمہارے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹکٹ کی بات نہیں ہے۔بس آج میرے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگ جانتے ہیں کہ آپ دس سالوں میں کسی سے بھی نہیں ملے تھے۔میں پنجاب کے ورکرزکے پاس جاؤں گا۔اور آپ کیخلاف جنگ لڑوں گا۔میں پچھلے دس سالوں میں میرا کیا حال تھا یہ بھی بتادوں گا۔انہوں نے کہا کہ آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلا ن کرتا ہوں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات