زعیم حسین قادری کو منانے کی کوشش کریں گے،رانا مشہود

زعیم قادری جلد بازی میں فیصلہ کرگئے ہیں،ٹکٹ کے فیصلے مشاورت سے ہوئے،سمجھ نہیں آتا زعیم قادری حمزہ شہبازکو کیوں ٹارگٹ کررہے ہیں؟کچھ باتیں ایسی ہیں جووقت پرسامنے آئیں گی۔ن لیگی رہنماء رانا مشہود

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 21 جون 2018 18:33

زعیم حسین قادری کو منانے کی کوشش کریں گے،رانا مشہود
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 جون 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء رانا مشہود نے کہا ہے کہ زعیم قادری جلد بازی میں فیصلہ کرگئے ہیں،زعیم قادری پارٹی کی پہچان ہیں،انہیں منانے کی کوشش کریں گے،فیصلے سب کی مشاورت سے ہوئے،سمجھ نہیں آتا کہ زعیم قادری حمزہ شہبازکو کیوں ٹارگٹ کررہے ہیں؟کچھ باتیں ایسی ہیں جووقت پرسامنے آئیں گی۔

انہوں نے مسلم لیگ ن کے رہنماء زعیم حسین قادری کی پارٹی ٹکٹ کے معاملے پرناراضگی اور آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کے اعلان پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زعیم قادری جلد بازی میں فیصلہ کرگئے ہیں۔زعیم قادری پارٹی کی پہچان ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ میں فیصلے سب کی مشاورت سے ہوتے ہیں۔سمجھ نہیں آتا کہ زعیم قادری حمزہ شہبازکو کیوں ٹارگٹ کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ زعیم قادری کی پارٹی کیلئے بہت خدمات ہیں۔رانا مشہود نے کہا کہ کچھ باتیں ایسی ہیں جووقت پرسامنے آئیں گی۔انہوں نے کہاکہ زعیم قادری این اے 133سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔صوبائی حلقے سے الیکشن لڑنے میں کوئی ابہام نہیں ہے۔ٹکٹ کس کودینا ہے یہ پارٹی کاحق ہوتا ہے۔زعیم قادری کے تحفظات قیادت کے سامنے رکھیں گے۔زعیم قادری کودوبارہ منانے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے زعیم حسین قادری نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں حمزہ شہبازشریف کے بوٹ پالش نہیں کرسکتا۔میں سید ہوں۔اولاد امام حسین ہوں۔جان دے سکتا ہوں عزت نہیں دوں گا۔لاہور تمہاری اور تمہارے باپ کی جاگیرنہیں ہے۔تمہیں سیاست کرکے دکھاؤں گا۔انہوں نے کہاکہ میں تمہاری نوکری نہیں کروں گا۔میں نوکری عوام کی کروں گا۔

تم اپنے لاڈلوں ،بوٹ پالشیوں اور مالشیوں کولاؤ۔میرا الیکشن تمہارے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹکٹ کی بات نہیں ہے۔بس آج میرے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگ جانتے ہیں کہ آپ دس سالوں میں کسی سے بھی نہیں ملے تھے۔میں پنجاب کے ورکرزکے پاس جاؤں گا۔اور آپ کیخلاف جنگ لڑوں گا۔میں پچھلے دس سالوں میں میرا کیا حال تھا یہ بھی بتادوں گا۔

انہوں نے کہا کہ این اے133سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلا ن کرتا ہوں۔چیلنج کرتا ہوں کہ الیکشن جیت کردکھاؤں گا۔پی پی 167سے میراچھوٹا بھائی آصف بیگ امیدوار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ زعیم حسین کی اہلیہ نے بھی مسلم لیگ ن کی مخصوص نشست کوچھوڑدیا ہے۔انہوں نے ایک سال پرکہا کہ جاوید ہاشمی بڑے رہنماء ہیں ایسے لوگوں کوضائع نہیں کرنا چاہیے۔

جبکہ چوہدری نثار بڑے لیڈرہیں میں توچھوٹا آدمی ہوں۔انہوں نے کہا کہ پارٹیاں تبدیل کرنے والوں کومیں تسلیم نہیں کرتا۔میں مسلم لیگی ہوں ،اور ہمیشہ رہوں گا۔میری تین پشتوں میں مسلم لیگ ہے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق میرے بڑے بھائی ہیں۔انہوں نے کوشش اس لیے کی ہے کہ میری اور ان کی ذات منسلک ہے۔کیونکہ میں اور وہ اکٹھے مار کھاتے رہے ہیں۔کلثوم نواز بہت اچھی عورت ہیں۔انہوں نے بہت پیار کیا۔اگر وہ یہاں ہوتیں توشاید یہ مرحلہ نہ آتا۔اللہ ان کوصحت دے۔