آزادجموں وکشمیر حکومت کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق کی وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان مسز روشن خورشید بروچا سے ملاقات

مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال کے علاوہ آزادکشمیر میںجاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تبادلہ خیال

جمعرات 21 جون 2018 18:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) آزادجموں وکشمیر حکومت کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے اسلا م آباد میں وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان مسز روشن خورشید بروچا سے ملاقات کی۔ملاقا ت میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال کے علاوہ آزادکشمیر میںجاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بات چیت کی گئی ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اُمور کشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورت حال سے متعلق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن کی رپورٹ سے عالمی دُنیا کی آنکھیں کھل جانی چائیں۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان مسئلہ کشمیر سے متعلق اپنی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی ذمہ داریوں کو دُنیا کے تمام فورمز پر بااحسن اندازسے سرانجام دے رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کا بچہ بچہ ایل او سی کے دونوں اطراف میں رہنے والے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اور پاکستان اُس وقت تک نہتے کشمیریوں کی آواز اٹھاتا رہے گا جب تک اُن کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق اپنا حق خود ارادیت نہیںمل جاتا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے ایل او سی کے اس بار رہنے والے آزادکشمیر کے رہائشیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جو پاکستان کی پہلی دفاعی لائن کا کردار ادا کرتے ہوئے بھارتی اشتعال انگیزی کا حوصلے اور عزم سے مقابلہ کررہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیر کی ترقی و خوشحالی پاکستان کی ترقی وخوشحالی ہے۔ملاقات میں آزادکشمیر کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وتشدد اور ایل اوسی پر بلااشتعال بھارتی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی ظالمانہ اور بزدلانہ کاروائیوں سے نہ تو پچھلے ستر سال سے کشمیریوں کو ڈرا سکا ہے اور نہ ہی آئندہ وہ ایسا کرسکے گا۔

انہوںنے کہا کہ حق خودارادیت کی پرُامن تحریک دن بدن زور پکڑرہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر کو بھارتی ناجائز تسلط سے نجات ملے گی۔ انہوںنے وفاقی وزیر کو آزادکشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں خصوصاً پی ایس ڈی پی کے تحت جاری منصوبوں اور سماجی شعبے میں کی جانے والی خدمات سے آگاہ کیا اور درخواست کی کہ ان منصوبوں سے متعلق فنڈز کے جلد اجراء کو یقینی بنایا جائے جن کی تکمیل سے آزادکشمیر خوشحالی کے ایک نئے دور میں داخل ہو گا ۔انہوںنے اس موقع پر وزارت اُمور کشمیر کا منصب سنبھالنے پر وفاقی وزیر کو مبارک باد پیش کی اور آزادکشمیر کی تعمیر وترقی سے متعلق وفاقی حکومت کے مسلسل تعاون پر وفاقی وزیر کا شکر یہ بھی ادا کیا۔