Live Updates

کراچی کو پہلے سے موجود کھیل کے میدان بہتر بنانے اور سبزہ زاروں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،خرم شیر زمان

جمعرات 21 جون 2018 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق پارلیمانی لیڈر اور پی ایس 110 کے موجودہ امیدوار خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کراچی کو پہلے سے موجود کھیل کے میدان بہتر بنانے اور سبزہ زاروں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک بین الاقوامی کرکٹر ہونے کے ناطے عمران خان نوجوان نسل اور فیملیوں کے لیے صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کی اہمیت جانتے ہیں اورپی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے دس نکاتی پلان میں بھی یہ بات شامل ہے۔ کراچی بلند و بالا عمارتوں کا جنگل بن چکا ہے ، اس لیے سبزہ زاروں کی شدید ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دو ہزار پندرہ سے کراچی آب و ہوا کی تبدیلی ، سبزہ زاروں کی کمی اور بڑھتی ہوئی تعمیرات سے فطری ہو ا کی آمدو رفت میں رکاوٹوں کی وجہ سے گرمی کی لہروں کا شکار ہے۔

پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری و سابق ایم پی اے کا کہنا تھا کہ کراچی میں کھلی جگہوں کو کچرا کنڈیاں بنالیا جاتا ہے اور کھیلوں کے میدانوں پر قبضے کر لیے جاتے ہیں۔ سبزہ زار وں کی شدید قلت ہے کیونکہ ان کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت میں آ کرخیبرپختونخواہ کی طرز پر موجودہ کھیلوں کے میدانوں اور سبزہ زاروں کو بہتر بنائیں گے ۔

پی ٹی آئی کی حکومت بڑے کمرشل علاقوں اور مصروف کوریڈورز میں فٹ پاتھ کی بحالی عمل میں لائے گی کیونکہ یا تو وہ توڑ دئیے گئے ، پارکنگ ایریا بنائے گئے یا پھر کچرا کنڈیوں کے طور پر استعمال کر لیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مقامی حکومتوں کو سندھ میں مضبوط بنائے گی اور کھیلوں کے میدان اور کھلے سبزہ زاروں کو فروغ دے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات