ڈی آئی جی موٹر وے اور ٹرانسپورٹرز کا اجلاس ، روڈ سیفٹی پر عمل درآمد پر یقین دہانی

جمعرات 21 جون 2018 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) روڈ قوانین اور روڈ سیفٹی پر عمل درآمد کرنے سے متعلق ڈی آئی جی نیشنل ہائی وے و موٹروے پولیس سائوتھ زون اور ٹرانسپورٹرزکا اہم اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا۔اجلاس میں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ٹرکوں اور ٹرالرز کی مجوزہ قوانین کے مطابق لمبائی ، چوڑائی اور روڈ سیفٹی پر عمل درآمد پر یقین دہانی کرائی گئی ۔

آئی جی موٹروے اینڈ نیشنل ہائی وے پولیس خالد محمود اور ایڈیشنل آئی جی موٹروے پولیس نیشنل ہائی وے پولیس سائوتھ ریجن غلام رسول زاہد کی ہدایات پر ڈی آئی جی موٹروے پولیس ساوتھ زون کرم اللہ سومرو نے ٹرانسپورٹ کمپنی کے نمائندوں سے ملاقات کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹرکوں اور ٹریلرز کی پیمائش لمبائی ، چوڑائی اور روڈ سیفٹی کے مجوزہ قوانین کے مطابق بنایا جائے گا تاکہ روڈ پر رونما ہونے والے حادثات میں کمی آسکے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شرکت کرنے والی ٹرانسپورٹرز کمپنیوں میں ٹویوٹا ، سوزوکی ، آر کے موٹرز ،دیوان موٹر ز ، آل پاکستان کار کیریئر ایسوسی ایشن و دیگر کمپنیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔موٹر کمپنی کے نمائندوں نے موٹر وے پولیس کے اس اقدام کو سراہا اور اس پر جلد از جلد عمل کروانے کی یقین دہانی کروائی ۔ تاکہ روڈ پر سفر کو مزید محفوظ بنایا جائے اور روڈ پر روڈ سیفٹی اور روڈ قوانین پر عمل درآمد کرنے سے حادثات میں کمی آئے گی اور مسافروں کی مشکلات میں بھی کمی آئے گی ۔