Live Updates

شہر میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی ہونی چاہیے،نگراں وزیراعلی سندھ

لوڈ شیڈنگ کے دورانیے کو کم سے کم کرنے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں،فضل الرحمن کی ہدایت

جمعرات 21 جون 2018 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) نگران وزیراعلی سندھ فضل الرحمان نے کے الیکٹرک انتظامیہ کو تاکید کی کہ شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کسی صورت نہیں ہونی چاہیے ۔ انھوں نے یہ بات وزیراعلی ہائوس میں کے الیکٹرک اور محکمہ سندھ انرجی کے ساتھ ایک مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت،چیئرمین کے الیکٹرک بورڈ طیب ترین ، ڈائریکٹر کے الیکٹرک (بیرونی امور) اسمر نعیم،اسپیشل سیکریٹری محکمہ انرجی راشد قاضی اور ڈائریکٹر محکمہ انرجی طارق شاہ نے شرکت کی۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ شہر میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی ہونی چاہیے اور شہر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے جو بھی ایشوز اور مسائل ہیں ان کا تدارک کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

چیئرمین کے الیکٹرک طیب ترین نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ رمضان المبارک میں پیک اوقات میں بجلی کی طلب 3500 میگاواٹ تک پہنچ گئی تھی جبکہ 2017 میں رمضان المبارک کے دوران یہ 3200 میگاواٹ تھی۔

وزیراعلی سندھ کو بتایاگیاکہ ایس ایس جی سی 190 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کے الیکٹرک کو فراہم کررہی ہے لہذا اس کے گیس سے چلنے والے تمام پلانٹس اپنی مکمل گنجائش کے ساتھ چل رہے ہیں ۔واضح رہے کہ شہر میں مجموعی طورپر 7 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ عام انتخابات کا عمل اپنی مکمل رفتار کے ساتھ جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ الیکشن اسٹاف بھی متحرک ہے لہذالوڈ شیڈنگ کے دورانیے کو کم سے کم کرنے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات