ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے موجودہ ظالمانہ نظام سے چھٹکاراوقت کی ضرورت بن چکاہے ‘ ذکر اللہ مجاہد

جب تک دیانت دار قیادت ایوانوں میں نہیں پہنچتی ملک و قوم ترقی کی راہ پر نہیں چل سکتے ‘امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعرات 21 جون 2018 18:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل وامیر جماعت اسلامی لاہورذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے موجودہ ظالمانہ اور استحصالی نظام سے چھٹکارا وقت کی ضرورت بن چکا ہے ۔پچھلے سترہ سال سے سستی روٹی اور کپڑا مکان والوں نے عوام کو دیوار کے ساتھ لگایااور قومی دولت لوٹ کر اپنی تجوریاں بھری ہیں جبکہ عوام دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہی ہے اور خود کشیاں کرنے پر مجبور ہے ۔

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے کارنرز میٹنگز میں ذمہ داران ، امیدواران اور اہل علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ جب تک باصلاحیت اور دیانت دار قیادت ایوانوں میں نہیں پہنچتی ملک و قوم ترقی کی راہ پر نہیں چل سکتے اور نہ ہی ملک میں موجودہ درپیش مسائل حل ہو ں گے۔

(جاری ہے)

انتخابات میں چور ، لیٹروں اور خاندانی سیاست کرنے والے سیاسی پنڈتوں کے کھوکھلے نعروں اور جھوٹے دعووں سے ملک ترقی نہیں کر سکتا اور نہ ہی کوئی تبدیلی آسکتی ہے اب عوام جھوٹے وعدے کرنے والوں اور گالم گلوچ کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کریںگے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے نظریہ پاکستان کے تحفظ اور کرپشن کے خاتمے کیلئے میدان میں آئی ہے ۔کرپٹ اور بددیانت سیاستدان تبدیلی نہیں لوٹ مار اور کرپشن کا طوفان ہی لاسکتے ہیں جن کو غریب اور متوسط طبقات کے مسائل اور روزگار سے کوئی سروکار نہیں۔ عوام آئندہ انتخابات میں ایم ایم اے کی صاف ستھری دیانتدار قیادت کو اپنے ووٹ کی طاقت سے اقتدار میں لائیں ۔ متحدہ مجلس عمل مزدور اور متوسط طبقات کے لوگوں کی جماعت ہے جو عام آدمی کیلئے ایوانوں کے دروازے کھولنا چاہتی ہے ۔