انسداد ڈینگی کی سرگرمیاں بھرپور طریقہ سے جاری رکھی جائیں‘جواد ساجد خان

انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں تمام محکمے طے شدہ طریقہ کار پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، بھرپور مہم بھی چلائی جائے‘وزیر صحت پنجاب

جمعرات 21 جون 2018 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) وزیرصحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر جواد ساجد خان نے محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ محکموں ، اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ پورے صوبے کے حساس شہروں میں انسداد ڈینگی کی سرگرمیاں طے شدہ طریقہ کار کے مطابق بھرپور طریقہ سے جاری رکھیں۔ اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ بارشوں کی وجہ سے ڈینگی مچھر کی افزائش کے ہاٹ سپاٹس میں اضافہ ہوسکتا ہے لہٰذا ڈینگی سرویلنس پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے۔انہوں نے یہ ہدایات بطور نگران وزیرصحت کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر فیصل ظہور، ڈینگی ایکسپرٹس ایڈوائزری گروپ کے چیئرمین پروفیسر فیصل مسعود، ڈی ای اے جی کی ممبر ڈاکٹر صومیہ اقتدار، پروفیسر وسیم اکرم، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر سعید احمد گھمن، ڈپٹی سیکرٹری پرائمری ہیلتھ ڈاکٹر یداللہ، سی ای او ہیلتھ لاہور ڈاکٹر شہناز، دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر افسران،پی آئی ٹی بی ، سپیشل برانچ کے نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پروفیسر فیصل مسعود نے کہاکہ ڈینگی کا مرض اربن ایریا سے نکل کر نیم شہری علاقوں کی طرف بھی منتقل ہورہا ہے لہٰذا ڈسٹرکٹ اینڈمنسٹریشنزکو ڈینگی سرویلنس کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر سعید گھمن ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول پروگرام نے پورے صوبے میں ڈینگی کی صورتحال بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایاکہ بعض محکموں اور اضلاع کی جانب سے ڈینگی سرگرمیوں میں کمی آئی ہے جو قابل تشویش ہے۔

اس موقع پر وزیرصحت پروفیسر جواد ساجد خان نے کہاکہ انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں میں کمی قابل برداشت نہیں۔ انہوں نے کہاکہ ماضی کی طرح ڈینگی سرویلنس اور کیس ریسپانس جاری رکھا جائے جن علاقوں اور شہروں میں سرگرمیاں کم ہیں وہاں مزید اضافہ کیا جائے اور عوامی شعور اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم بھرپور طریقے سے چلائی جائے تاکہ لوگ ڈینگی کے خلاف حفاظتی اقدامات پر عمل کرسکیں۔