مقبوضہ کشمیر کے حالات کے تناظر میں مسئلہ کشمیر کی اہمیت میں اضافہ ہو گیا، بیرسٹر سلطان محمود

جمعرات 21 جون 2018 18:20

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات کے تناظر میں مسئلہ کشمیر کی اہمیت میں اضافہ ہو گیا ہے اور تحریک آزادی کشمیر ایک اہم موڑ میں داخل ہو گئی ہے۔ برطانیہ کے کشمیریوں نے پہلے بھی مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے اور اب بھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریںکیونکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے ایک دفعہ پھر قربانیاں دیکر بھارت کو دفاعی پوزیشن پر لاکھڑا کیا۔

(جاری ہے)

جنہیں ہم غدار کہتے تھے۔ انھوں نے بھی مقبوضہ کشمیر میں حکومت چلانے سے انکار کردیا ہے، پہلے محبوبہ مفتی کا ستعفی اور پھر عمر عبداللہ کی طرف سے حکومت چلانے سے معذرت اور پھر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی کمشن کی رپورٹ ، معروف کشمیری صحافی شجاعت بخاری کی شہادت اور مقبوضہ کشمیر میں آئے روز کشمیریوں کی شہادت اس بات کا ثبوت ہے کہ اب حالات بھارت کے کنٹرول میں نہیں رہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو یہاں پی ٹی آئی کشمیر کے مرکزی سیکریٹیریٹ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کشمیر سٹاکٹن(برطانیہ) کے صدر چوہدری خالد کی قیادت میں ایک وفد سے تفصیلی ملاقات کرتے ہوئے کیا۔