مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کیخلاف مکمل ہڑتال

کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں ،ْ سید علی گیلانی

جمعرات 21 جون 2018 17:50

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے قتل عام کی جاری لہر کیخلاف گزشتہ روز (جمعرات) کو مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی تھی۔ ہڑتال کا مقصد سینئر کشمیری صحافی شجاعت بخاری کے بہیمانہ قتل کے خلاف بھی احتجاج ریکارڈکرانا تھا۔

تمام دکانیں، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ سڑکوںپر ٹریفک معطل تھی۔ بھارتی پولیس نے محمد یاسین ملک کو جمعرات کی صبح سویرے سرینگر کے علاقے مائسمہ میں انکے گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار کرکے کوٹھی باغ تھانے میں نظر بند کر دیا۔ قابض انتظامیہ نے نوجوانوں کے قتل کیخلاف احتجاجی مظاہروں کی قیادت سے روکنے کیلئے حریت رہنمائوں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، محمد اشرف صحرائی، ہلال احمد وار،بلال احمد صدیقی ، مختار احمد وازہ اور ظفر اکبر بٹ کو بھی گھروں اور تھانوں میں نظر بند کر دیا ۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس اور میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے اپنے بیانات میں حریت رہنمائوں کی نظر بندی کی شدید مذمت کی۔ انتظامیہ نے مقبوضہ وادی میں ریل سروس بھی معطل کر دی تھی۔ سید علی گیلانی نے ضلع پلوامہ میں ترال کے علاقے پنجورہ میںشہید نوجوان عادل احمد لون کے اہلخانہ سے اظہاریکجہتی کیلئے آنیوالے سوگواروں سے سرینگرسے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے عادل اور حال ہی میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیریوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اور جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔حریت رہنمائوں محمد اشرف صحرائی اور زمردہ حبیب نے اپنے بیانات میں کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیوںکو رائیگاںنہیں جانے دیا جائیگا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پرپائیہ تکمیل تک پہنچایاجائے گا ۔

بھارتی فوجیوںنے ضلع پلوامہ کے علاقے کاچھی پورہ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی شروع کی ہے جس کی وجہ سے مقامی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ فوجیوںنے ضلع شوپیاں کے علاقے Kundalan میں جموںوکشمیر بینک کے ایک گارڈ ہلال احمد پرے کو بلا جواز طورپروحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ گارڈکو زخمی حالت میں ہسپتال میں داخل کرادیاگیا ہے ۔