نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے نگران صوبائی وزیربرائے محنت و انسانی وسائل،لائیوسٹاک اورٹرانسپورٹ نعمان کبیرکی ملاقات

الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق آزادانہ انتخابات کے انعقادکیلئے بہترین انتظامات کیے جائینگے،ڈاکٹرحسن عسکری صوبہ بھر میں مزدوروں اورکارکنوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے،نگران وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 21 جون 2018 17:30

لاہور۔21 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے وزیراعلیٰ آفس میں نگران صوبائی وزیربرائے محنت و انسانی وسائل،لائیوسٹاک اورٹرانسپورٹ نعمان کبیرنے ملاقات کی،جس میں انتظامی اور محکمانہ امورپر تبادلہ خیال کیا گیا،نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق آزادانہ انتخابات کے انعقادکیلئے بہترین انتظامات کئے جائینگے،تمام سرکاری محکمے الیکشن کے پرامن انعقاد کیلئے اپنا بھر پور کردارادا کریں ،انہوںنے کہاکہ الیکشن کے انتظامات کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیںگے،نگران صوبائی حکومت منصفانہ انتخابات کیلئے میسر وسائل کا بھر پور استعمال کرے گی، انہوںنے کہاکہ صوبہ بھر میں مزدوروں اورکارکنوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے، نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مزدوروں اورصنعتی کارکنوں کیلئے تعلیم و صحت کی سہولتیںترجیحات میں شامل ہے ،مزدوروں اور محروم معیشت طبقات کومعاشرے میں جائزمقام دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، انہوںنے کہاکہ بھٹہ مزدوروں کے حقوق کے استحصال کو روکنے کیلئے قانونی اقدامات بروئے کار لائے جائیں،صوبہ بھر میں لائیوسٹاک کو فروغ دیکر دودھ اورگوشت کی پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں،انہوںنے کہاکہ دیہات میں لائیوسٹاک کے اختراعی منصوبوں سے غذائی خود کفالت کے اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں، نگران صوبائی وزیر نعمان کبیر نے محنت و انسانی وسائل،لائیوسٹاک اورٹرانسپورٹ کے بارے میں محکمانہ کارکردگی سے آگاہ کیا۔