نگران وزیراعلیٰ نے مستحق مریضوں کے علاج کیلئے مزید 7 کروڑ 44 لاکھ روپے کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دیدی

محدود مدت میں مینڈیٹ کے مطابق عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہیں،نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری

جمعرات 21 جون 2018 17:30

لاہور۔21 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجا ب ڈاکٹر حسن عسکری نے مستحق مریضوں کے علاج معالجے کے لئے مزید 7 کروڑ 44 لاکھ روپے کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی ہے،اس فنڈ سے کینسر، جگروگردے کی پیوندکاری اوردیگر مہلک امراض میں مبتلا مستحق مریضوں کامفت علاج ہوگا،نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے اور مستحق مریضوں کے فوری علاج معالجے کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے فنڈز مہیا کئے گئے ہیں، مریضوں کا علاج کسی پر احسان نہیں بلکہ ہر حکومت کا فرض ہے اور حکومتی وسائل پر عوام کا حق ہے، حقدار کو اس کا حق دیں گے، انہوں نے کہا کہ محدود مدت میں مینڈیٹ کے مطابق عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہیں،وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ ضرورت مند اور مستحق مریضوں کے علاج کیلئے تعاون ضروری امر ہے اور اس اعلیٰ مقصد کیلئے فنڈز کی فراہمی ترجیحات میں اولین ہے، ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ عوام کو صحت سمیت دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی گڈگورننس کا نقطہ آغاز ہوتا ہے، محدود مدت میں گڈگورننس کو یقینی بنائیں گے اور عوام کو ہر سطح پر ممکنہ حد تک ریلیف دینے کی کوشش کریں گے۔

متعلقہ عنوان :