انتظامیہ غیر جانبدارانہ، شفاف اور آزادانہ انتخابات کرانے میں الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون فراہم کرے گی

نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا سے ملاقات میں یقین دہانی

جمعرات 21 جون 2018 16:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے عام انتخابات 2018ء کیلئے الیکشن کمیشن کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ملک کی انتظامیہ غیر جانبدارانہ، شفاف اور آزادانہ انتخابات کرانے میں الیکشن کمیشن کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا سے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران آئندہ عام انتخابات 2018ء کیلئے الیکشن کمیشن کی تیاریوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر نے نگران وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شفاف اور پرامن انتخابات کیلئے ملک کے تمام اداروں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے تاکہ آئین کی بالادستی کے ساتھ قوم کی توقعات پر پورا اتر سکیں اور الیکشن کمیشن اس قومی اور آئینی فریضہ سے احسن طریقہ سے نبرد آزما ہو سکے۔