ہندوستان نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ کے بعد مقبوضہ کشمیرمیں مزید قتل عام کیلئے گورنر راج نافذ کیا ‘عالمی برادری اس کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو اپنے عہد کے مطابق حق خودارادیت فراہم کرے،ہندوستان نواز جماعتیں نوشتہ دیوار پڑھ کر حریت قیادت کا ساتھ دیں

جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان کی وفود سے گفتگو

جمعرات 21 جون 2018 16:10

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاہے کہ ہندوستان نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ کے بعد مقبوضہ کشمیرمیں مزید قتل عام کے لیے گورنر راج نافذ کیا ،سکے عالمی برادری اس کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو اپنے عہد کے مطابق حق خودارادیت فراہم کرے،ہندوستان نواز جماعتیں نوشتہ دیوار پڑھ کر حریت قیادت کا ساتھ دیں،ان خیالات کااظہارانھوںنے وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا،انھوںنے کہاکہ ہندوستان کی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیرکے اندر ظلم کی انتہاکی ہے اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی ہیں،عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھارت کشمیرجانے کی اسی لیے اجازت نہیں دیتا کہ وہ کا اصل چہرا بے نقاب ہوجائے گا،اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے نے پہلی مرتبہ رپور-ٹ پیش کی تو بھارت حواس باختہ ہوکر گورنر راج نافذ کردیاہے،ڈاکٹر خالد محمود نے مطالبہ کیاہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیرمیں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیق کے لیے کمیشن قائم کرکے مقبوضہ کشمیر بھیجے ،ہندوستان کی افواج بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے اس کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں کیس دائر کیا جانا چاہیے۔