کشمیر ،ْ قتل عام کیخلاف مکمل ہڑتال ، حریت قیادت نظر بند

کشمیریوں نے اپنی جدوجد مقصد کے حصول تک جاری رکھنے کا عزم کر رکھا ہے،بھارت کو اوچھے ہتھکنڈوں سے کچھ حاصل نہیںہوگا،میر واعظ فورم

جمعرات 21 جون 2018 16:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے قتل عام کی جاری لہر کیخلاف گزشتہ روز ( جمعرات) کو مکمل ہڑتال کی گئی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی تھی۔ ہڑتال کا مقصد سینئر کشمیری صحافی شجاعت بخاری کے بہیمانہ قتل کے خلاف بھی احتجاج ریکارڈکرانا تھا۔

تمام دکانیں، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ سڑکوںپر ٹریفک معطل تھی۔ بھارتی پولیس نے نوجوانوں کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہروں کی قیادت سے روکنے کیلئے محمد یاسین ملک کو جمعرات کو صبح سویرے سرینگر کے علاقے مائسمہ میں انکے گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار کرکے کوٹھی باغ تھانے میں نظر بند کر دیاجبکہ سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، محمد اشرف صحرائی، ہلال احمد وار،بلال احمد صدیقی اوردیگرکو بھی گھروں اور تھانوں میں نظر بند کر دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

کٹھ پتلی انتظامیہ نے مقبوضہ وادی میں ریل سروس بھی معطل کر دی تھی۔ دریں اثنا میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے میر واعظ عمر فاروق، سید علی گیلانی، محمد یاسین ملک، مختار احمد وازہ، انجینئر ہلال احمد وارسمیت درجنوں حریت کارکنوں اور عام کشمیری نوجوانوں کی نظربندی کی شدید مذمت کی ہے۔ فورم کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت طاقت کے بل پر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔

بیان میں پلوامہ کے علاقے واگم میں باپ بیٹے کو گرفتار کرنے اور رات کے وقت گھروں پر چھاپوں کے دوران متعدد نوجوانوںکو حراست میں لینے جبکہ کشتواڑ میں ایک مزاحمتی رہنما سمیت 9 افراد گرفتار ی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ بھارت کو اوچھے ہتھکنڈوں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔کیونکہ کشمیریوں نے اپنی جدوجد مقصد کے حصول تک جاری رکھنے کا عزم کر رکھا ہے۔

جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ کے ترجمان نے بھی ایک بیان میں پارٹی چیئرمین ظفر اکبر بٹ کی گھر میں نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی کے سبب مقبوضہ علاقے میں بیگناہوں کی جانوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ انہوںنے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نازنین پورہ ترال میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔