نصیرآباد ڈویژن کے گرین بیلٹ کو ایک سوچے سمجھے سازش کے تحت تباہی کی طرف دھکیلا جارہاہے ،ْسیداکبرشاہ

پانی کی شدید قلت کے باعث نصیرآباد میں زراعت کا شعبہ تباہی کے دہانے پہنچ چکا ہے ، نامزد امیدوار حلقہ پی بی 12

جمعرات 21 جون 2018 16:10

ڈیرہ مرادجمالی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) بی این پی (عوامی )کے مرکزی سیکرٹری ایگریکلچر اور حلقہ پی بی 12کے نامزد امیدوار سیداکبرشاہ نے کہا ہے نصیرآباد ڈویژن کے گرین بیلٹ کو ایک سوچے سمجھے سازش کے تحت تباہی کی طرف دھکیلا جارہاہے پانی کی شدید قلت کے باعث نصیرآباد میں زراعت کا شعبہ تباہی کے دہانے پہنچ چکا ہے زرعی پانی تو اپنی جگہ پینے کا پانی بھی ناپید ہوگیا ہے۔

سابقہ منتخب عوامی نمائندوں نے گرین بیلٹ کو تباہی کی طرف دھکیل دیا نصیرآباد تمبو میں پانی کی قلت نے سنگین صورت حال اختیار کرلی ہے اگر سابق منتخب عوامی نمائندوں نے اس پر دلچسپی لیاہوتا تو آج یہ حالت نہیں ہوتی کہ عوام پانی کی بوند بوندکو ترس رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

سید اکبرشاہ نے عوامی میڈیاسنٹرکے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پٹ فیڈر کینال تباہ ہو چکا ہے اربوں روپے کے خصوصی فنڈز ریلیز ہونے کے باوجود اس کی پوزیشن بہتر نہیں ہو سکی ہے جس کی تمام ذمہ داری نصیرآباد کے سابق منتخب عوامی نمائندوں اور محکمہ ایریگیشن کے کرپٹ حکام پر عائد ہوتی ہے ،انہوں نے کہا کہ 2010 اور 2012 کے تباہ کن سیلاب کے باعث پٹ فیڈر کینال تباہ ہو گیا اس کی بحالی تعمیر اور ڈیسلٹنگ کیلئے حکومت نے اربوں روپے کے فنڈز جاری کیئے مگر نصیرآباد کے عوامی نمائندوں کی عدم دلچسپی اور محکمہ ایریگیشن کی نااہلی کے باعث پٹ فیڈر کینال کی بحالی ممکن نہیں ہو سکی پی بی 12کے نامزدامیدوارسیداکبرشاہ نے کہا کہ پٹ کینال اور ذیلی شاخوں کی بھل صفائی کے نام پر اربوں کی بے لگام کرپشن ہونے پر تحقیقاتی اداروں کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے ،انہوں کہا کہ مفاد پرستوں کو عوام نے پہچان لیا ہے انشاء اللہ 25جولائی کو عوامی قوت سے سرخرو ہوکر عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کرینگے بی این پی عوامی کے پلیٹ فارم سے غریب عوام کے بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرینگے۔