Live Updates

شہبازشریف کے اثاثوں کی مالیت 15 کروڑ‘حمزہ 59لاکھ روپے اور 115کنال اراضی کے مالک ہیں

سابق وزیراعلی کے مری میں ایک بنگلے کی مالیت 27ہزار روپے جبکہ دوسرے کی34ہزار روپے ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 21 جون 2018 16:06

شہبازشریف کے اثاثوں کی مالیت 15 کروڑ‘حمزہ 59لاکھ روپے اور 115کنال اراضی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 جون۔2018ء) مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے اثاثوں کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں۔جمعرات کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے الیکشن کمیشن میں پیش کی گئیں اثاثوں کی مالیت 15 کروڑ روپے ظاہر کی جبکہ بینک اکاﺅنٹس میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 14 لاکھ روپے ظاہر کئے۔

دستاویزات کے مطابق شہباز شریف نے مری ہال روڈ پر ایک کنال 9 مرلے کے گھر کی قیمت 34 ہزار روپے ظاہر کی جبکہ اسی مقام پر ایک بنگلہ نمبر 54 سی کی قیمت 27 ہزار روپے ظاہر کی ہے۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے شیخوپورہ میں 88 کنال زمین والدہ کی طرف سے تحفہ ظاہر کی جب کہ لاہور میں 568 کنال پر الگ الگ جائیدادیں والدہ کی طرف سے تحفہ ظاہر کیں۔

(جاری ہے)

دستاویز کے مطابق شہباز شریف نے لندن میں 3 الگ الگ جائیدادوں کی مجموعی قیمت 12 کروڑ 61 لاکھ روپے ظاہر کی اور اسی کے ساتھ انہوں نے حدیبیہ انجنئیرنگ ملز، حمزہ اسپننگ ملز اور حدیبیہ پیپر ملز میں شئیرز بھی ظاہر کئے۔

دستاویزات کے مطابق شہباز شریف نے اپنی دو بیویاں نصرت شہباز اور تہمینہ درانی کاغذات میں بیان کی ہیں۔شہبازشریف کی اہلیہ نصرت شہبازشوہرسے زیادہ امیرہیں۔نصرت شہبازشریف کے کاغذات نامزدگی میں اثاثوں کی تفصیلات کی دستاویزات جاری کر دی گئیں ہیں جن میں نصرت شہباز کے مجموعی طور پر22کروڑ56لاکھ روپے کے اثاثے ظاہر کئے گئے ہیں۔دستاویز کے مطابق نصرت شہبازکے ڈل ٹاﺅن میں 10کنال کے گھرکی مالیت 12کروڑ 87لاکھ روپے، مری ڈونگاگلی میں سوا9کنال کے نشاط لاج کی مالیت 5کروڑ78لاکھ روپے جبکہ قصورمیں 809کنال اراضی پرمشتمل9 جائیدادوں کے شئیرزکی مالک ہیں۔

قصور میں ان کی جائیدادوں کی مجموعی مالیت 26لاکھ روپے جبکہ مختلف کمپنیوں میں شئیرزکی مالیت 87لاکھ روپے ہے۔نصرت شہبازنے17لاکھ روپےکی جیولری ظاہرکی۔ان کے5مختلف بینکوں میں اکاﺅنٹس میں ایک کروڑ89لاکھ روپے کابیلنس موجود ہے۔ شہبازشریف کی دوسری اہلیہ تہمینہ درانی پہلی بیوی اورشوہرسے بھی کم مالدارہیں۔دستاویز ات کے مطابق تہمینہ درانی کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 57لاکھ روپے ہے۔

ان کے نام ڈی ایچ اے لاہورمیں 10مرلے کاگھر،ہری پورمیں 4جائیدادیں گفٹ ظاہرکی گئیں،گوادرمیں 4کنال کے پلاٹ میں شیئرز ہیں۔تہمینہ درانی کا5بینکوں میں5لاکھ روپے کامجموعی بیلنس جبکہ 5لاکھ روپے کی گاڑی کی مالک ہیں اور ان کے پاس 15لاکھ روپے کے زیورات ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزارے حمزہ شہباز نے اپنے کاغذات نامزدگی میں 43 لاکھ 70 ہزار روپے بینک بیلنس ظاہر کیا جبکہ وہ 155 کنال اراضی کے مالک بھی ہیں۔

دستاویزات کے مطابق حمزہ شہباز کے پاس 16 لاکھ 88 ہزار روپے کے پرائز بانڈ ہیں اور وہ 21 مختلف ملوں میں شئیر ہولڈر بھی ہیں۔حمزہ شہباز کی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ ان کے استعمال میں کوئی ذاتی گاڑی نہیں اور انہوں نے 2 بیویاں رابعہ اور مہرالنساءکاغذات نامزدگی میں ڈکلئیر کی ہیں۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات