ابو ظہبی: محفوظ فاصلہ نہ رکھنے والے ڈرائیور اب قانون سے محفوظ نہیں رہ سکیں گے

غیر محفوظ فاصلے کی ڈرائیونگ کرنے والوں پرپر چار سو درہم اور 4 بلیک پوائنٹ کا جرمانہ عائدہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 جون 2018 15:40

ابو ظہبی: محفوظ فاصلہ نہ رکھنے والے ڈرائیور اب قانون سے محفوظ نہیں رہ ..
ابو ظہبی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جُون 2018ء) آگے جانے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ نہ رکھ کر ڈرائیونگ کرنا متحدہ عرب امارت میں ایک بہت عام اور خطرناک معمول بن چکا ہے۔ غیر محفوظ فاصلے کے باعث گاڑی میں سوار افراد کی جانیں خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔ اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں ڈرائیونگ کے دوران اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ نہ رکھنے والے افراد کو 400امارتی درہم کا جرمانہ ادا کرنا ہو گا اور ان کے لائسنس پر چار بلیک پوائنٹس کا بھی بطور سزا اندراج ہو گا۔

ابو ظہبی پولیس نے مذکورہ بالا ٹریفک ضابطے کی پابندی نہ کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ ابو ظہبی پولیس کے ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے مطابق 2018ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران ہونے والے حادثات میں سے 13فیصد حادثات اس وجہ سے ہوئے کیونکہ ڈرائیورز نے اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ نہیں رکھا تھا۔

(جاری ہے)

جبکہ کئی ایسے حادثات میں لوگ زخمی ہوئے یا موت کے گھاٹ اُتر گئے۔

ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل ڈاکٹر عبداللہ السُعیدی نے ڈرائیورز پر زور دیا کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران آگے جاتی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھیں تاکہ اگر کسی ایمرجنسی کے باعث اگلی گاڑی کو اچانک بریک لگانی پڑے تو پچھلی گاڑی کا ڈرائیورکافی فاصلے کے باعث اپنی گاڑی کو روکنے میں کامیاب ہو جائے اور کسی ناخوشگوار حادثے کا سدباب ہو سکے۔

کرنل السُعیدی کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے کچھ ہفتوں کے دوران ابو ظہبی پولیس نے سوشل میڈیا کی سائٹس پر ڈرائیور حضرات کو ٹریفک قوانین کی پابندی کی تلقین کی غرض سے آگاہی مہم شروع کی ہے۔ اس مہم میں متحدہ عرب امارات کی سڑکوں کو ڈرائیونگ کے لیے محفوظ تر بنانے کے حوالے سے عوام سے بھی اُن کی آراء طلب کی گئی ہیں۔ جبکہ سُرخ بتی کی خلاف ورزی کرنے کے بھیانک نتائج کو اُجاگر کرنے کے لیے امارات میں حالیہ دِنوں ہونے والے ایک حادثے کی ویڈیو بھی شیئر کی جا رہی ہے ۔