مسلم لیگ (ن) باجوڑ کا الیکشن سے بائیکاٹ کا اعلان

جمعرات 21 جون 2018 15:20

باجوڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) مسلم لیگ (ن) باجوڑ کا الیکشن سے بائیکاٹ کا اعلان ۔باجو ڑپریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) باجوڑ کے صدر حاجی راحت یوسف،سینئر نائب صدر انورالحق ، حاجی امان اللہ، حاجی وزیر ، ملک شہاب الدین ، اکرام ، غلا م یوسف ، یوسف ایرابی ، نجیب اللہ ،شہاب الدین تڑلہ اور دیگر مقررین نے کہا کہ ہم انتہائی افسوس کیساتھ یہ بات کرنا چاہتے ہیں کہ ہمارے ایم این اے شہاب الدین خان نے پانچ سالہ دور میں پارٹی ورکرز کا کوئی خیال نہیں رکھا اور ترقیاتی فنڈز سمیت دیگر معاملات میں ہمیں مسلسل نظر انداز کیا ۔

اس کے علاوہ موجودہ گورنر نے بھی بار بار رابطوں کے باوجود بھی پارٹی ورکرز کو نظر انداز کیا۔حاجی راحت یوسف نے کہا کہ گورنر کے پی اقبال ظفر جھگڑا اور مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے شہاب الدین خان نے مسلم لیگ (ن) کو بہت نقصان پہنچایاہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیداروں نے دونوں حلقوں کے ٹکٹس کیلئے درخواستیں جمع کروائے ہیں مگر ایک ماہ گزرنے کے باوجود بھی پارلیمانی بورڈ نے ٹکٹیں ایشو نہیں کی اور نہ کوئی یقین دہانی کرائی جس کیوجہ سے امیدواروں نے ابھی تک کوئی مہم شروع نہیں کی۔

حاجی راحت یوسف نے کہا کہ تحفظات دور ہونے تک الیکشن کا بائیکاٹ جاری رہیگا ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کیساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کسی پارٹی کیساتھ اتحا دنہیں کریں گے اور اگر کسی کیساتھ اتحاد کا فیصلہ ہو اتو کارکنوں کو ضرور اعتماد میں لیں گے۔