آئی جی سندھ کا اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹر کا دورہ،اسپیشل سیکیورٹی یونٹ میں اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کو سراہا

جمعرات 21 جون 2018 15:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ امجد جاوید سلیمی نے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ پولیس کے پیشہ وارانہ معیار کے سلسلے میں انتظامی، انسداد دہشت گردی آپریشنزکے سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔انھوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز (جمعرات)کو اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹرکے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔

کمانڈنٹ اسپیشل سیکیورٹی یونٹ سندھ پولیس مقصود احمدنے مزید بتایا کہ ایس ایس یو میں ملک کی پہلی اسپیشل ویپنس اینڈ ٹیکٹکس ٹیم (S.W.A.T)قائم کردی گئی ہے جو اعلیٰ معیار کے تربیت یافتہ کمانڈوز، جدید اسلحہ، مواصلاتی نظام سے لیس ہیں اور چوبیس گھنٹے کسی بھی ناخوشگوار واقع سے نمٹنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید بتایا کہ یونائیٹڈ کنگڈم ایکریٹیڈیشن سسٹم UKAS برطانیہ کی جانب سے بین الاقوامی معیار کے مطابق دہشت گردی آپریشنز ، اہم تنصیبات اور اہم شخصیات کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے بین الاقوامی معیار رکھنے پرایس ایس یو کو ISOسرٹیفیکیٹ جاری کیا گیاہے جوکہ ملک میں قانون نافذ کرنے والے پہلے ادارے کو دیا گیا ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس امجد جاوید سلیمی نے افسران اور کمانڈوزکے اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار اور دہشت گردوں کی کاروائی کے خاتمے، امن وامان کو برقرار رکھنے کے لیے تندہی اور لگاؤ سے فرائض انجام دینے کے جذبے کو سراہا۔امجد جاوید سلیمی نے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے کمانڈوز کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آئی جی پولیس سندھ نے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا افسران وکمانڈوز سے ان کی پیشہ وارانہ تربیت اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے اور مسلح افراد کے خلاف مؤثر کاروائی کے لیے ان کی صلاحیت سے آگاہی حاصل کی۔

آئی جی پی سندھ نے ایس ایس یو کی کمینٹس بک میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ -" درحقیقت ایس ایس یو افسران نے متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔میں چاہتا ہوں کہ پولیس کے تمام محکموں کو ایس ایس یوکے مطابق تبدیل کیا جائے۔ایس ایس یو تعریف کا مستحق ہے۔ایس ایس یوکے جوانوں کا جذبہ اور لگن اس بات کی عکا س ہے کہ پولیس کے نظام میں مثبت تبدیلی ممکن ہی" ۔

اس کے علاوہ آئی جی پی سندھ نے ایس ایس یوآرمری کے انچارج کو غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر نقد رقم اور تعریفی اسناد(CC-I )دی۔قبل ازیں آئی جی سندھ کو ایس ایس یو آمد پر ایس ایس یو کے اسپیشل دستے نے سلامی پیش کی۔بعد ازاںانسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جناب امجد جاوید سلیمی نی(S.W.A.T) ٹیم کے کمانڈوز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف فرضی مشقوں کا مظاہرہ بھی دیکھا۔