محکمہ اطلاعات کرپشن کیس ،ملزم انعام اکبر کو پیرول پر رہا کرنے والے سیکرٹری ہوم پیش نہ ہوسکے

جمعرات 21 جون 2018 15:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) سندھ ہائی کورٹ میں محکمہ اطلاعات میں پونے چھ ارب کرپشن ریفرنس میں نامزد ملزم انعام اکبر کو پیرول پر رہا کرنے سے متعلق معاملے پر سماعت،، ملزم انعام اکبر کو پیرول پر رہا کرنے والے سیکرٹری ہوم پیش نہ ہوسکے، ایڈیشنل سیکریٹری نے عدالت سے معافی طلب کرلی۔جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں محکمہ اطلاعات میں پونے چھ ارب روپے کرپشن ریفرنس میں نامزد ملزم انعام اکبر کو پیرول پر رہا کرنے سے متعلق معاملے پر سماعت ہوئی۔

۔عدالت میں ملزم انعام اکبر کو پیرول پر رہا کرنے والے سیکریٹری ہوم بیماری کے سبب پیش نہ ہوسکے جبکہ انکی جگہ ایڈیشنل سیکریٹری ہوم گنہور علی لغاری نے پیش ہو کر عدالت سے معافی طلب کرتے ہوئے آئندہ ایسا نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت عدالت نے ایڈیشنل ہوم سیکرٹری سے استفسار کیا کہ پیرول پر رہائی کی درخواست ہوم سیکرٹری تک کیسے پہنچی، عدالتی استفسار پر ایڈیشنل ہوم سیکرٹری نے بتایا ہوم ڈیپارٹمنٹ میں اس حوالے سے کوئی اندراج نہیں درخواست کورئیر سروس یا پھر کسی نے خود جمع کرائی ہے۔

۔عدالت نے دوبارہ استفسار کیا دفتر میں ڈاک کے آنے جانے کا کوئی کوئی سسٹم نہیں، معاملے عدالت میں ہونے کا علم ہونے کے باوجود ہوم سیکرٹری نے یہ درخواست کیوں کی۔آج کل موبائل فون کا دور ہے علم میں آنے کے بعد فیصلہ واپس لیا جاسکتا تھا۔عدالت کی جانب سے دوبارہ استفسار پر ایڈیشنل ہوم سیکرٹری نے بتایا سسٹم موجود ہے ،جب آئی جی نے ہوم سیکرٹری کو اس بارے میں بتایا تو وہ آرڈر جاری کرچکے تھے۔

ایڈیشنل ہوم سیکرٹری نے عدالت سے معافی طلب کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ معافی دی جائے آئندہ شکایت کا موقع نہیں دیا جائے گا۔عدالت نے اس موقع پر ریماکس دیے کہ عدالت کو اس حوالے سے اجازت تو دور کی بات اطلاع دینے کی بھی زحمت نہیں کی گئی۔کیا نیب کو اس حوالے سے پتہ ہے کہ انکا قیدی کہاں تھا۔عدالت نے معاملے پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔