پاکستان کے سابق سفیر جمشید مارکر طویل علالت کے بعد 96 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے

جمعرات 21 جون 2018 15:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) پاکستان کے سابق سفیر جمشید مارکر طویل علالت کے بعد 96 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔جمشید مارکر کو دنیا میں طویل ترین مدت تک سب سے زیادہ ممالک میں سفیر رہنے کا اعزاز حاصل تھا۔ جمشید مارکر کا انتقال جمعرات کی صبح ہوا۔آخری رسومات پارسی عبادت گاہ محمود آباد میں ادا کی گئیں۔

آنجہانی نے سوگواران میں ایک بیٹی اور اہلیہ کو چھوڑا ہے۔

(جاری ہے)

جمشید مارکرنے 1964 میں افریقی ملک گھانا میں بطور سفیر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا،وہ 1986 تا 1988 تک امریکا میں بھی پاکستان کے سفیر رہے جبکہ 1994 تک وہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب بھی رہے۔جمشید مارکر 24 نومبر 1922 کوپیداہوئے۔ابتدائی تعلیم بھارتی ریاست اترکھنڈ کے علاقے ڈھیرا دون میں حاصل کی ۔

بعدمیں لاہورکی فورمین کرسچیئن کالج میں زیرِ تعلیم رہے۔آنجہانی کو کرکٹ سے بھی خصوصی لگا ؤتھا اور سفارت کاری کے شعبے میں آنے سے قبل وہ کرکٹ کمنٹیٹر بھی ہے،انہیں فرانسیسی، جرمن اور روسی زبانوں پر بھی عبور حاصل تھا،جمشید مارکر نے بین الاقوامی تعلقات اور سفارت کاری پر مختلف اداروں میں متعدد لیکچرز دیئے جبکہ ان موضوعات پر انہوں نے کئی کتابیں بھی لکھیں۔