Live Updates

سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے اثاثوں کی حیران کن تفصیلات سامنےآ گئیں

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثوں کی مالیت 15 کروڑ روپے ظاہر کی،مری ہال روڈ پرایک کنال 9 مرلے کے گھر کی قیمت 34 ہزار روپے ظاہر کی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 21 جون 2018 15:07

سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے اثاثوں کی حیران کن تفصیلات سامنےآ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جون 2018ء) : عام انتخابات 2018ء کی آمد آمد ہے جس کے پیش نظر سیاسی جماعتوں کے اُمیدواروں نے ریٹرننگ آفیسر کے سامنے پیش ہو کر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔ عام انتخابات میں حصہ لینے والے اُمیدواروں کے لیے لازم قرار دیا گیا ہے کہ ہر اُمیدوار کاغذات نامزدگی کے ساتھ اپنا ایک بیان حلفی بھی جمع کروائے گا ۔

اب سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آ گئیں ہیں،سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثوں کی مالیت 15 کروڑ روپے ظاہر کی جب کہ بینک اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 14 لاکھ روپے ظاہر کیے ہیں۔جمع کروائےگئےکاغذات نامزدگی کے مطابق شہباز شریف نے مری ہال روڈ پر ایک کنال 9 مرلے کے بنگلے کی قیمت 34ہزار روپے ظاہر کی۔

(جاری ہے)

جب کہ اسی مقام پر ایک بنگلہ نمبر 54 سی کی قیمت 27 ہزار روپے ظاہر کی ہے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے شیخوپورہ میں 88 کنال زمین والدہ کی طرف سے تحفہ ظاہر کی ہے جب کہ لاہور میں 568 کنال پر الگ الگ جائیدادیں والدہ کی طرف سے تحفہ ظاہر کی ہیں۔اس کے علاوہ ن لیگی رہنما شہباز شریف نے لندن میں تین الگ الگ جائیدادوں کی مجموعی قیمت 12کروڑ 61 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔

دیبیہ انجنئیرنگ ملز، حمزہ اسپننگ ملز اور حدیبیہ پیپر ملز میں شئیرز بھی ظاہر کئے۔یاد رہے اس سے پہلے بھی کئی سیاسی رہنماؤں کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آ چکی ہیں۔2018 کے انتخابات کے لیے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز بھی کروڑوں کی مالک ہیں جب کہ اس سے پہلے مریم نواز اس بات کا دعوی کرتی رہی ہیں کہ ان کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات