سپریم کورٹ کا کراچی میں دفاعی اعتبار سے تعمیر کردہ دیواروں سے بھی اشتہار ہٹانے کا حکم، درخواستیں نمٹا دیں

جمعرات 21 جون 2018 15:05

سپریم کورٹ کا  کراچی میں دفاعی اعتبار سے تعمیر کردہ دیواروں سے بھی اشتہار ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) سپریم کورٹ نے شہر میں دفاعی اعتبار سے تعمیر کردہ دیواروں سے بھی اشتہار ہٹانے کا حکم دیتے ہو ئے درخواستیں نمٹا دیں۔ جمعرات کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں اشتہاری دیواروں سے متعلق نوٹس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں عدالت کے طلب کرنے پر کنٹونمنٹ بورڈ اور آ ئو ٹ ڈور اشتہارات ایسوسی ایشن کے نمائندے پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کنٹونمنٹ بورڈ سے استفسار کیاکہ شہر میں لگی اشتہاری دیواروں کا کیا بنا اس پر حکام نے بتایا کہ اکثر دیواریں گرادی گئی ہیں، شاہراہ فیصل پر بھی کنٹونمنٹ کی حدود میں بنی دیواروں کو گرادیا گیا ہے۔اس موقع پر آ ئو ٹ ڈور ایڈورٹائزرایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہا کہ ہمارے 15 ارب روپے لگے ہیں اس کا کوئی میکنزم بنائیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم ایسی کوئی اجازت نہیں دے سکتے، آپ لوگوں نے من مانی جگہوں پر کھمبے اور بورڈز لگاکر شہر کا بیڑہ غرق کردیا تھا، آپ اپنے نقصان کے خود ذمہ دار ہیں، جاکر کوئی اور کاروبار کرنے کا سوچیں۔جسٹس ثاقب نثار نے شہر میں دفاعی اعتبار سے تعمیر کی گئی دیواروں سے بھی اشتہارات ہٹانیکا حکم دیتے ہو ئے درخواستیں نمٹا دیں۔