ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی انتخابات کی تیاریاں عروج پر ہیں،

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سابق وزیراعظم الحاج میر ظفراللہ جمالی اور صوبے کے سابق وزرائے اعلیٰ میرعبدالقدوس بزنجو ،نواب ثناء اللہ خان زہری،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ،نواب اسلم خان رئیسانی ،جان محمد جمالی،سردار اختر جان مینگل بھی انتخابی میدان پر اترے ہیں،مختلف جماعتوں کے درمیان سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا سلسلہ بھی جاری ہے

جمعرات 21 جون 2018 14:13

کوئٹہ۔21جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی انتخابات کی تیاریاں عروج پر ہیں ،امیدوار کاغذات نامزدگی منظورہونے کے بعد اپنے اپنے حلقہ انتخاب کے دوروں کے شیڈول بنانے میں مصروف ہیں ،نگران صوبائی حکومت بھی بروقت انتخابات کے لیے پر عزم ہے تاہم جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے ہیں وہ اپیلیٹ کورٹ میں اپیل کررہے ہیں اسی طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کے تبادلوں کے بعد گزشتہ روز بلوچستان کے 3سیکرٹریز 6کمشنرز33ڈپٹی کمشنرز کے تبادلے بھی کردئیے گئے ہیں ،اسی طرح ایس ایچ ائوز کے تبادلے بھی کردئیے گئے ہیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے اقدامات پرعوامی حلقوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اب امید وار ایک مرتبہ پھر اپنے اپنے حلقوں میں اپنے منشور کے ہمراہ پہنچ رہے ہیں توقع ہے کہ آئندہ انتخابات میں عوام کارکردگی کی بنیاد پر اپنا ووٹ استعمال کریںگے ،بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سابق وزیراعظم الحاج میر ظفراللہ جمالی اور صوبے کے سابق وزرائے اعلیٰ میرعبدالقدوس بزنجو ،نواب ثناء اللہ خان زہری،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ،نواب اسلم خان رئیسانی ،جان محمد جمالی،سردار اختر جان مینگل بھی انتخابی میدان پر اترے ہیں مختلف سیاسی جماعتیں سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے سرگرم ہوگئی ہیں جمعیت علماء اسلام ،بلوچستان نیشنل پارٹی کے مابین مذاکرات جاری ہیں، اسی طرح سابق وزیراعلیٰ سردار اختر جان مینگل ،پیپلز پارٹی کے کوچیئرمین آصف علی زرداری بلوچستان نیشنل پارٹی(عوامی) کے سربراہ میر اسرار زہری سے بھی ملاقاتیں ہوچکی ہیں،اب انتخابی سرگرمیاں شروع ہوچکی ہیں وقت کے ساتھ ساتھ مختلف جماعتوں کے درمیان سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا سلسلہ بھی جاری ہے ماضی میں ایک دوسرے کے بدترین مخالف بھی ملاقاتیں کررہے ہیں دوسری جانب متحدہ مجلس میں شامل جماعتیں بھی سرگرم ہے جبکہ حال ہی میں بننے والی بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ جام کمال بھی ملاقاتیں کررہے ہیں ،الیکشن کمیشن کی جانب سے بروقت انتخابات کو یقین دہانی کے بعد تمام سیاسی جماعتوں سے رہنما سرگرم ہوگئے ،دوسری جانب پشتونخوا میپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی بھی کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے بعد انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کرچکے ہیں ،پشین میں جلسہ عام میں اپنے منشور اور رابطہ مہم کا آغاز کردیا ہے دوسری جانب صوبے سے بڑی تعداد میں آزاد امیدوار بھی میدان میں اترے ہیں ،سابق وزیراعلیٰ پیپلز پارٹی کے رہنماء نواب اسلم رئیسانی اور سابق صدر بلوچستان پیپلز پارٹی سردار فتح محمد حسنی بھی آزاد حیثیت سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کراچکے ہیں۔