جنرل الیکشن 2018 کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے چار مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل

جمعرات 21 جون 2018 14:13

بھکر۔21 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جنرل الیکشن 2018ء کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے جس پر عملدرآمد کیلئے ضلع بھکر میں چار مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ ڈپٹی کمشنربھکر کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی پہلی دفعہ خلاف ورزی کرنے والے انتخابی امیدوار کو 50ہزار روپے جرمانہ کیا جائیگاجبکہ دوسری دفعہ خلاف ورزی کی صورت میں انتخابی امیدوار کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو 24 گھنٹے میں ریفرنس بھیج دیاجائیگااور خلاف ورزی کرنیوالا امیدوار تین دن کے اندر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو اپیل کرسکے گا۔

اپیل مسترد ہونے کی صورت میں انتخابی امیدوار نااہل ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

یہ تفصیلات جنرل الیکشن 2018ء کیلئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس میں بتائی گئیں جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر / ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سید بلال حیدر نے کی ۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اللہ وسایا اور ضلع کے چاروں صوبائی حلقوں کیلئے مانیٹرنگ ٹیموں کے افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر / ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرسید بلال حیدر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے احکامات کے عین مطابق ضلع میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا اور اس ضمن میںروزانہ کی بنیاد پر الیکشن کمیشن کو رپورٹ ارسال کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے متعلقہ تھانے کا ایس ایچ او اور ضلعی و تحصیل انتظامیہ کے افسران ہر مانیٹرنگ ٹیم کے ہمراہ ہوں گے ۔

اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع کے چاروں صوبائی حلقوں کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں مجموعی طور پر آٹھ افسران پر مشتمل ہیں جن میں حلقہ پی پی ۔89 کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک تحصیل کلورکوٹ اور ایکسئین ہائی ویز بھکر ،پی پی ۔90 کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک تحصیل دریا خان اور ایکسئین اری گیشن بھکر،پی پی ۔91 کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک منکیرہ اور ایکسئین بلڈنگز بھکرجبکہ پی پی ۔ 92کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک تحصیل بھکر اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت بھکر شامل ہیں ۔