بیگم کلثوم نواز کی بیماری میں لوگوں کے لیے بے شمار سبق چھپے ہیں

ہم دنیا میں کتنے ہی مضبوط ،بااثر اور بڑے کیوں نہ ہو جائیں ہم اللہ کی مشیت کے سامنے گھاس کے پتے سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتے، اللہ نہ چاہے تو دنیا میں ڈاکٹر کام آتے ہیں‘ ادویات اور نہ ہی اسپتال‘ ہم اپنے چاہنے والوں کے سامنے پڑے رہ جاتے ہیں، معروف کالم نگار وصحافی جاوید چوہدی نے کلثوم نواز کی بیماری کے حوالے سے سب کو سبق دے دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 21 جون 2018 13:31

بیگم کلثوم نواز کی بیماری میں لوگوں کے لیے بے شمار سبق چھپے ہیں
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین ا خبار۔21جون 2018ء) معروف کالم نگار وصحافی جاوید چوہدری نے اپنے کالم میں کلثوم نواز کی بیماری کے حوالے سے لوگوں کو اہم سبق دے دیا۔جاوید چوہدری نے کالم میں بتایا ہے کہ یہ دولت انسان کے کسی کام آتی تو کلثوم نواز دس ماہ سے وینٹی لیٹر پر نہ ہوتیں۔تفصیلات کے مطابق معروف کالم نگار جاوید چوہدری کا اپنے ایک کالم ’بیگم کلثوم نواز کچھ کہہ رہی ہیں‘ میں کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز انتہائی سمجھ دار‘ پڑھی لکھی اور خدمت گزار خاتون ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے انھیں سادگی کے ساتھ ساتھ حوصلہ اور ہمت بھی دے رکھی ہے۔ یہ میاں نواز شریف کی اصل فورس ہیں۔یہ ان کی مشیر بھی ہیں اور سیاسی گائیڈ بھی۔ یہ انھیں تقریروں کے پوائنٹس بھی لکھ کر دیتی ہیں اور ویلفیئر کے منصوبے بھی ۔

(جاری ہے)

یہ اس وقت انتہائی بیمار ہیں اور لندن کے ہارلے اسٹریٹ اسپتال میں وینٹی لیٹر پر ہیں۔کلثوم نواز میاں نواز شریف، مریم نواز اور حسین نواز کو شناخت نہیں کر پا رہیں۔

مصنوعی تنفس اور نالی کے ذریعے خوراک لے رہی ہیں۔کلثوم نواز اگر چاند یا مریخ کی مٹی سے بھی ٹھیک ہو سکتی ہوں توشریف فیملی اس کا بندوبست بھی کر لے گی۔ لیکن بیگم صاحبہ بے تحاشہ دولت، بے شمار اثرورسوخ اور دنیا جہاں کے تمام وسائل کے باوجود10ماہ سے علیل ہیں۔ بیگم کلثوم نواز کی اس حالت میں ہم جیسے لوگوں کے لیے بے شمار سبق چھپے ہیں اور یہ سبق اپنے منہ سے بول رہے ہیں ہم دنیا میں کتنے ہی مضبوط‘ بااثر اور بڑے کیوں نہ ہو جائیں ہم اللہ کی مشیت کے سامنے گھاس کے پتے سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتے‘ اللہ نہ چاہے تو دنیا میں ڈاکٹر کام آتے ہیں‘ ادویات اور نہ ہی اسپتال‘ ہم اپنے چاہنے والوں کے سامنے پڑے رہ جاتے ہیں اور یہ سب کچھ ہونے کے باوجود ہمارے لیے کچھ نہیں کر پاتے۔

بیگم صاحبہ کی حالت بتارہی ہے دنیا میں دولت ہو، اقتدار ہو یا پھر اختیار ہو یہ تمام صابن کا بلبلہ ہیں۔یہ بلبلہ بنتے اور پھر پھٹتے دیر نہیں لگاتا۔