Live Updates

وزارت دفاع نے عام انتخابات کیلئے ساڑھے3 لاکھ فوجی اہلکار دینے کی حامی بھرلی

این اے 53 سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے پر آراو کو نوٹس جاری

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 21 جون 2018 13:30

وزارت دفاع نے عام انتخابات کیلئے ساڑھے3 لاکھ فوجی اہلکار دینے کی حامی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 جون۔2018ء) وزارت دفاع نے عام انتخابات کیلئے ساڑھے3 لاکھ فوجی اہلکار دینے کی حامی بھرلی ہے۔ملک میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں اور الیکشن میں سیکورٹی کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے وزارت دفاع کو خط لکھ کر پاک فوج کے ساڑھے تین لاکھ اہلکاروں کی خدمات طلب کی تھیں۔

ذرائع کے مطابق وزارت دفاع نے الیکشن کمیشن کی درخواست کا غیر رسمی جواب دے دیا ہے، فوج کو الیکشن سے4 روزقبل تعینات کیا جائے گا۔گزشتہ دو برسوں کے دوران ریٹائر ہونے والے تینوں مسلح افواج کے اہلکار بھی طلب کئے گئے تھے۔پرنٹنگ پریس کی سیکورٹی 27 جون کو فوج کے حوالے کردی جائےگی۔دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے این اے 53 سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف سماعت کل تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائی کورٹ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے فیصلے کے خلاف سماعت ہوئی۔عدالت میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کی جانب سے ان کے وکیل بابراعوان پیش ہوئے۔بابراعوان نے سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 19 جون کو درخواست گزار کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی اور آر او نے عمران خان کے کاغذات نامزدگی کمزور بنیاد پرمسترد کیے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے معزز جج جسٹس محسن اخترکیانی نے استفسار کیا کہ آر او نے کیوں عمران خان کے کاغذات مسترد کیے؟ جس پر ان کے وکیل نے جواب دیا کہ عمران خان کے خلاف آراو کا فیصلہ انصاف کے برعکس اور غیرمنصفانہ ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ فیصلے کو کالعدم قرار دے کر کاغذات نامزدگی منظورکیے جائیں۔عدالت نے آر او کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریکارڈ طلب کرلیا اور سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات