ٹینکرز مافیا سے کراچی کے عوام کی جان چھڑائیں گے ،ْچیف جسٹس

جمعرات 21 جون 2018 13:58

ٹینکرز مافیا سے کراچی کے عوام کی جان چھڑائیں گے ،ْچیف جسٹس
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ شہریوں کو ہر حال میں صاف پانی دینا ہے اور ٹینکرز مافیا سے کراچی کے عوام کی جان چھڑائیں گے۔ جمعرات کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں سندھ میں فراہمی و نکاسی آب کیس کی سماعت ہوئی۔سماعت کے آغاز پر سندھ واٹر کمیشن کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس پر عدالت نے کمیشن کی کارکردگی کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا اور کمیشن کو ماہانہ کارکردگی رپورٹس پیش کرنیکا بھی حکم دیا۔

سیکرٹری آب نے عدالت کو بتایا کہ منچھر جھیل سے یومیہ 300 ملین کیوسک پانی ملتا ہے ،ْچیف جسٹس نے منچھر جھیل کی صفائی نہ ہونے اور گندے پانے کے اخراج پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے سیکرٹری آب سے کہا کہ آپ نے 14.5 ارب روپے میں سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا، سمندر کا جو حال دیکھا ہے وہ افسوسناک ہے، بوتلوں اور غلاظت کا ڈھیر ہے، روزانہ 450 ملین گیلن سیورج سمندر میں جارہا ہے، 10 سال سے حکومت نے کیا کام کیا اب سپریم کورٹ خود مانیٹر کریگی۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ ٹینکرز مافیا سے کراچی کے عوام کی جان چھڑائیں گے، کراچی کے شہریوں کو ہر حال میں صاف پانی دینا ہے۔