الیکشن کمیشن شفاف، غیرجانبدار انتخابات کرانے کیلئے مکمل تیار ہے ،ْ نگران وزیر اعظم ناصر الملک کو بریفنگ

جمعرات 21 جون 2018 13:58

الیکشن کمیشن شفاف، غیرجانبدار انتخابات کرانے کیلئے مکمل تیار ہے ،ْ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیرصدارت الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ الیکشن کمیشن شفاف، غیرجانبدار انتخابات کرانے کیلئے مکمل تیار ہے۔نگران وزیراعظم ناصر الملک اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے ہیڈ آفس پہنچے جہاں ان کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

نگران وزیراعظم کی آمد سے کچھ دیر قبل ہی میڈیا نمائندوں اور سائلین کو دفتر سے باہر نکال دیا گیا تھا۔جسٹس (ر) ناصر الملک کی الیکشن کمیشن آمد پر سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے ان کا استقبال کیا۔الیکشن کمیشن میں نگران وزیراعظم کی سربراہی میں بند کمرہ اجلاس ہوا جس میں انہیں انتخابات کی تیاریوں، سیکیورٹی امور اور دیگر معاملات پر بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ عام انتخابات کیلئے کئی چیلنجز کا سامنا ہے تاہم الیکشن کمیشن شفاف، غیرجانبدار انتخابات کرانے کیلئے مکمل تیار ہے جب کہ قیام امن یقینی بنانے کے لیے انتخابات فوج کی نگرانی میں کرائے جارہے ہیں۔اس موقع پر نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بروقت شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہے۔