عام انتخابات ،ْوزارت دفاع نے ساڑھے تین لاکھ فوجی اہلکار دینے کی حامی بھرلی

وزارت دفاع نے دو برسوں کے دوران ریٹائرڈ ہونے والے اہلکاروں کو بھی بلایا تینوں مسلح افواج کے ریٹائرڈ فوجی الیکشن ڈیوٹیوں کیلئے طلب ،ْریٹائرڈ جوانوں کے پاس بھی مکمل اختیارات ہوں گے

جمعرات 21 جون 2018 13:58

عام انتخابات ،ْوزارت دفاع نے ساڑھے تین لاکھ فوجی اہلکار دینے کی حامی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) وزارت دفاع نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر عام انتخابات کے لیے پاک فوج کے ساڑھے 3 لاکھ اہلکار دینے کی حامی بھرلی۔تفصیلات کے مطابق ملک میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں اور الیکشن میں سیکیورٹی کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے وزارت دفاع کو خط لکھ کر پاک فوج کے ساڑھے تین لاکھ اہلکاروں کی خدمات طلب کی تھیں۔

ذرائع کے مطابق وزارت دفاع نے الیکشن کمیشن کی درخواست کا غیر رسمی جواب دے دیا ہے جس میں عام انتخابات کیلئے ساڑھے تین لاکھ فوجی اہلکار دینے کی حامی بھرلی ہے اور اس کیلئے 2 برسوں کے دوران ریٹائرڈ ہونے والے اہلکاروں کو بھی بلایا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزارت دفاع نے تینوں مسلح افواج کے ریٹائرڈ فوجیوں کو الیکشن ڈیوٹیوں کیلئے طلب کرلیا ہے اور ریٹائرڈ جوانوں کے پاس بھی مکمل اختیارات ہوں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں پاک فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل بھی فوج کی نگرانی میں کی جائیگی اور پاک فوج کے اہلکار 27 جون کو پرنٹنگ پریس کی سیکیورٹی سنبھال لیں گے۔عام انتخابات میں پولنگ سے 4 روز قبل فوج کو بلایا گیا ہے ،ْ پاک فوج کے اہلکار پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر تعینات ہوں گے ،ْ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔