Live Updates

زعیم قادری بھی ن لیگ سے ناراض

اپنے سیاسی مستقبل سے متعلق آج کیا کرنے جا رہے ہیں؟ اہم اعلان کردیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 جون 2018 13:18

زعیم قادری بھی ن لیگ سے ناراض
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جون 2018ء) : مسلم لیگ ن کے رہنماچودھری نثار علی خان کے بعد پارٹی کے اہم رہنما پارٹی سے ناراض ہو کر علیحدگی اختیار کرنے لگے۔ چودھری نثار علی خان نے پارٹی سے ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تاہم اب ایک اور ن لیگی رہنما نے پارٹی سے اختلاف کا اظہار کر دیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق صوبائی وزیرزعیم قادری کے بھی پارٹی سے اختلافات کھُل کر سامنے آ گئے ہیں۔

زعیم قادری نے آج شامل پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ لیگی رہنما زعیم قادری پریس کانفرنس میں اہم اعلان کریں گے۔زعیم قادری کا کہنا ہے کہ وہ آج شام 4 بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔ خیال رہے کہ عام انتخابات 2018ء کے لیے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں لیکن مسلم لیگ ن نے تاحال اُمیدواروں کو ٹکٹ ہی جاری نہیں کیے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے کئی رہنماؤں نے پارٹی اختلافات کی بنیاد پر یا تو مسلم لیگ ن کی حریف سیاسی جماعتوں میں شمولیت اختیار کر لی اور یا آزاد حیثیٹ میں عام انتخابات 2018ء میں حصہ لینے کا اعلان کیا۔ن لیگی رہنما چودھری نثار علی خان نے بھی آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سے ہی انہوں نے اپنی انتخابی مہم کا بھی آغاز کردیا ہے۔

اس کے علاوہ ن لیگی رہنما داؤد قریشی بھی باغی ہو گئے تھے جبکہ سابق لیگی ایم پی اے انیس قریشی نے بھی آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ مسلم لیگ ن کے لیے ٹکٹس کی تقسیم ایک نیا امتحان اور درد سر بن گیا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ مسلم لیگ میں ٹکٹس کی تقسیم پر کئی اختلافات ہیں اور یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ ن میں ٹکٹس کی تقسیم کی وجہ سے کئی اہم پارٹی رہنماؤں کا ناراض ہونے اور پارٹی چھوڑنے کا امکان ہے۔

یہ خدشہ مزید بڑھ جانےسے مسلم لیگ ن پریشانی کا شکار ہے۔ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے لندن میں مشاورت کے بعد پارٹی ٹکٹ پانے والوں کی فہرستیں فائنل کر لی ہیں۔مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کئی اہم نشستوں کے حوالے سے ٹکٹیں تبدیل کرنے کا بھی کہا لیکن مریم نواز اور نوازشریف نے واضح انکار کر دیا۔ ن لیگی قیادت نے بیگم کلثوم نواز کی بیماری کابہانہ بناکر ٹکٹوں کی تقسیم کے بعد پیدا ہونے والی ممکنہ صورتحال پر ملنے والی رپورٹ کی روشنی میں ٹکٹوں کا اعلان وقتی طور پر مؤخر کر دیا ہے ۔

مسلم لیگ ن سے متعلق ایک یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ مسلم لیگ ن نے خطرے کو بھانپتے ہوئے ہی پارٹی کے اہم رہنماؤں کو منانے کے لیے اچھی خاصی گیم کھیل دی۔ ن لیگ نے ٹکٹوں کا لالچ دے کر اپنے تمام روٹھے رہنماؤں کو منا لیا۔ مسلم لیگ ن کی پارٹی کے اندرونی اختلافات ختم کرنے کی نئی حکمت عملی کامیاب ہو گئی ، قیادت نے اختلافات ختم نہ ہونے کی صورت میں حلقے اوپن رکھنے کی تنبیہہ کی تھی، جس کے بعد راولپنڈی، فیصل آباد اور لودھراں میں لیگی دھڑے ایک ہوگئے، جہلم میں بھی مقامی قیادت کو پیغام بھجوا دیا گیا۔

نجی ٹی وی چینل کے ذرائع کے مطابق ن لیگ کی پارٹی کے اندرونی اختلافات ختم کرنے کی نئی حکمت عملی کامیاب ہوگئی۔ اور راولپنڈی فیصل آباد اور لودھراں میں لیگی دھڑے ایک ہوگئے۔ پارٹی کی قیادت نے راولپنڈی اور لودھراں کے دونوں دھڑوں کے ٹکٹ باہمی صلح سے مشروط کیے تھے۔ ن لیگ نے کچھ رہنماؤں پر اس گیم کے اثرات دیکھنے کے بعد اب کچھ دیگر اضلاع میں بھی یہی فارمولا استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور جہلم میں بھی مقامی قیادت کو پیغام بھجوا دیا گیا ہے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات