پی آئی اے کی گلگت بلتستان جانیوالی پرواز دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گئی

جانتے ہیں اس پرواز کا پائلٹ کون تھا؟ تصویر وائرل ہوتے ہی ہر طرف چرچے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 جون 2018 13:05

پی آئی اے کی گلگت بلتستان جانیوالی پرواز دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن ..
گلگت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جون 2018ء) : سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر دو نوجوان خاتون پائلٹس کی ایک تصویر وائرل ہوئی ہے جسے صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی خاتون پائلٹس کی اس تصویر میں پائلٹس کو جہاز کے اندر کھڑا ہوا دیکھا جا سکتا ہے ۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی اینکر اور پروڈیوسر نازیہ میمن نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں یہ تصویر شئیر کی اور لکھا کہ یہ دونوں خواتین گلگت بلتستان جانے والی پاکستان کی قومی ائیر لائن پی آئی اے کی فرسٹ آفیسر اور کیپٹن پائلٹ ہیں۔

گلگت بلتستان جانے والی اس پرواز کا مکمل عملہ خواتین پر مشتمل تھا جو پاکستان میں ویمن امپاورمنٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

خاتون پائلٹ مریم مسعود اور فرسٹ آفیسر شمائلہ مظہر نے بڑی کامیابی سے پرواز کو اسلام آباد سے گلگت بلتستان پہنچایا۔


اس راستے پر نانگا پربت کی طرح کے پہاڑ اور وادیاں موجود ہیں جو برف سے ڈھکی ہوئی ہیں لیکن اس کٹھن راستے کے باوجود بھی خاتون پائلٹس نے پرواز کو بحفاظت گلگت بلتستان میں لینڈ کیا۔

سوشل میڈیا پر ان دونوں خواتین کی ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ایک خاتون صارف نے لکھا کہ قوموں کی عزت ہم سے ہے۔
ایک اور ٹویٹر صارف کا کہنا تھا کہ یہ اصل ٹیلنٹ ہے۔
ٹویٹر پر خاتون پائلٹس کی تصاویر دیکھ کر ایک اور صارف نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

خاتون پائلٹس کی اس تصویر کو ٹویٹر پر کافی مرتبہ ری ٹویٹ کیا گیا۔
واضح رہے کہ خواتین نے معاشرے میں پنپتی دقیانوسی سوچ کا خاتمہ کر کے ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کیا اور اپنا لوہا منوایا ہے۔ پاکستان کی کئی خواتین اور نوجوان لڑکیوں نے اپنی قابلیت اور ہنر کے بل بُوتے پر بیرون ملک اپنے ملک کا نام روشن کیا جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ آج کی عورت مرد سے کسی طور بھی کم نہیں ہے۔