گلگت بلتستان میں انفراسٹرکچرکوبہتربنانے کیلئے میگا منصوبوں پرکام جاری ہے، حافظ حفیظ لرحمن

جمعرات 21 جون 2018 13:44

گلگت بلتستان میں انفراسٹرکچرکوبہتربنانے کیلئے میگا منصوبوں پرکام ..
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جون2018ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے وفاقی حکومت نے تقریباً ڈیڑھ سو ارب کے میگا منصوبے دیئے ہیں جن پر کام جاری ہے، پرائیویٹ سیکٹر کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں،سیاحوں کی بڑی تعداد گلگت بلتستان کا رخ کرنے سے ہوٹل انڈسٹری کو فروغ ملا ہے،پرائیویٹ سیکٹر کے فروغ کیلئے گلگت بلتستان آرڈر2018میں پانچ سال کیلئے ٹیکس میں چھوٹ دی گئی ہے اور ہوٹل انڈسٹری سے منسلک اشیاء کی برآمدگی کیلئے بھی ٹیکس میں خصوصی چھوٹ دی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت ونٹر ٹورزم کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کررہی ہے،پاور سیکٹر پر خصوصی توجہ دیا جارہاہے تاکہ سردیوں میں بجلی کے بحران کا خاتمہ کیا جاسکے،متبادل توانائی کیلئے ایل پی جی ایئر مکس منصوبے کا آغاز گلگت سے کیا جارہاہے جسے بتدریج دیگر اضلاع تک وسعت دی جائے گی اس منصوبے سے جنگلات کی کٹائو کے روک تھا م میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان میں ٹریفک حادثات کی شرح دیگر صوبوں سے کم ہے جس پر مزید قابو پانے کیلئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جارہاہے اور گلگت بلتستان آنے والے سیاحوں کا صوبے میں داخلے سے قبل لائف انشورنس یقینی کے حوالے سے پالیسی زیر غور ہے،گلگت بلتستان میں بہت جلد تھری جی اور فور جی کا مسئلہ حل ہوگا جس سے گلگت بلتستان کے عوام اور سیاحوں کو جدید انٹرنیٹ کی سہولت میسر آئے گی۔

انہوں نے کہا ہے کہ حکومت انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، ڈپلومیسی ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور غیرملکی ترسیلات زر میں اضافے کیلئے بین الاقوامی سیاح لازمی ہے،مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت نے بین الاقوامی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ویزا آن ارائیول کی پالیسی بحال کی جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور بین الاقوامی سیاحت کو بھرپور فروغ ملی ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان حکومت کی شاہراہ قراقرم سے ملحقہ آبادی کے علاقوں میں سروس روڈ کی تعمیر کے حوالے سے این ایچ سے بات چیت جاری ہے۔ سیاحتی مقامات پر بغیر منصوبہ بندی کے تعمیرات کی روک تھام کے حوالے سے بھی صوبائی حکومت اقدامات کررہی ہے تاکہ سیاحتی مقامات کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔

ہنزہ میں زیر تعمیر پاور پروجیکٹس پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے آئندہ سال سے ہنزہ میں جاری لوڈشیڈنگ میں بڑی حد تک بہتری آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ڈی جی والڈ سٹی آف لاہور کامران لاشاری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ ماضی میں گلگت بلتستان میں سب سے بڑا مسئلہ امن وامان کے حوالے سے درپیش تھا مسلم لیگ( ن) کی حکومت نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کا آغاز کیا جس کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آئے، نیشنل ایکشن پلان کا سب سے زیادہ فائدہ گلگت بلتستان کو ہوا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ گزشتہ تین سالوں میں گلگت بلتستان میں مثالی امن وا مان قائم ہواہے دہشتگردی کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا ہے جس کی وجہ سے سیاحوں کی بڑی تعداد گلگت بلتستان آرہی ہے،ہوٹل انڈسٹری اور معیشت کو فروغ مل رہاہے ۔