Live Updates

ریٹرننگ افسران کے فیصلے برقرار،ایپلٹ ٹریبونلز نے پی ٹی آئی کے اقلیتی امیدواروں کی اپیلیں خارج کردیں

ٹربیونل نے لاہور کے حلقہ این اے 131 سے (ق) لیگ کی امیدوار زیبا احسان کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا

جمعرات 21 جون 2018 13:19

ریٹرننگ افسران کے فیصلے برقرار،ایپلٹ ٹریبونلز نے پی ٹی آئی کے اقلیتی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) لاہور کے ٹربیونلز نے تحریک انصاف کے اقلیتی امیدواروں مہندر سنگھ پال، یوڈسٹر چوہان، ہارون گل، اعجاز مسیح اور پیٹر گل کی اپیلوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ریٹرننگ افسران کے فیصلے برقرار رکھے اور پی ٹی آئی کے اقلیتی امیدواروں کی اپیلیں خارج کردیں جبکہ لاہور کے حلقہ این اے 131 سے مسلم لیگ (ق)کی امیدوار زیبا احسان کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔

جمعرات کو لاہور کے ایپلٹ ٹربیونل کے جسٹس فیصل زمان خان نے تحریک انصاف کے اقلیتی امیدواروں کی اپیلوں پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے ریٹرننگ افسران کے فیصلے برقرار رکھے ہیں۔ ایپلٹ ٹربیونل نے پی ٹی آئی اقلیتی امیدواروں کی تمام اپیلیں خارج کردیں، پی ٹی آئی کی جانب سے مہندر سنگھ پال، یوڈسٹر چوہان، ہارون گل، اعجاز مسیح اور پیٹر گل نے ایپلٹ ٹربیونل میں اپیل دائر کی تھی۔

(جاری ہے)

اپیل کنندہ نے اپنی درخواستوں میں کہا کہ تحریک انصاف نے اقلیتی امیدواران کی لسٹ مقررہ وقت کے بعد الیکشن کمیشن میں جمع کرائی اور امیدواروں کی لسٹ نہ ہونے کے باعث کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے۔اپیل کنندہ نے ایپلٹ ٹربیونل سے اپیل کی تھی کہ لسٹ اب الیکشن کمیشن میں جمع ہوگئی ہے اس لیے عدالت الیکشن میں حصہ لینے کا اہل قرار دیتے ہوئے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے جائے۔

الیکشن ٹربیونل نے لاہور کے حلقہ این اے 131 سے مسلم لیگ (ق)کی امیدوار زیبا احسان کی اپیل پر بھی فیصلہ محفوظ کرلیا۔اپیل کنندہ نے درخواست میں کہا کہ ریٹرننگ آفیسر نے حقائق کے برعکس کاغذات مسترد کیے، آر او نے تجویز کنندہ کے حلقے سے نہ ہونے پر کاغذات مسترد کیے تاہم تجویز کنندہ حلقے میں ہی ووٹ کاسٹ کرتا رہا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات