عدالتی حکم پر عملدرآمد، میانی صاحب قبرستان میں مسماری شروع،

100 سے زائد غیر قانونی احاطے مسمار کئے جائیں گے عدالتی حکم پر من وعن عمل کیا جائے، احاطوں کی دیواریں گرانے میں کوئی شہری رکاوٹ ڈالے تو ایک ماہ کے لیے جیل بھیج دیں،جسٹس علی اکبر قریشی کے سماعت ریمارکس

جمعرات 21 جون 2018 13:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جون2018ء) لاہور ہائیکورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے میانی صاحب قبرستان میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کردیا، 100 سے زائد غیر قانونی احاطے مسمار کئے جائیں گے،جسٹس علی اکبر قریشی نے دوران سماعت ریمارکس دیئے عدالتی حکم پر من وعن عمل کیا جائے، احاطوں کی دیواریں گرانے میں کوئی شہری رکاوٹ ڈالے تو ایک ماہ کے لیے جیل بھیج دیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو لاہور ہائیکورٹ میں میانی صاحب قبرستان کی اراضی پر قبضے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے استفسار کیا بتائیں احاطوں کی دیواریں گرا دیں ہیں یا نہیں، جس پر سرکاری وکیل نے جواب دیا احاطے گرانے کا کام شروع ہوچکا ہے۔جسٹس علی اکبر قریشی نے ریمارکس دیئے عدالتی حکم پر من وعن عمل کیا جائے، احاطوں کی دیواریں گرانے میں کوئی شہری رکاوٹ ڈالے تو ایک ماہ کے لیے جیل بھیج دیں۔ عدالت نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو کل عمل درآمد رپورٹ کے ساتھ طلب کرلیا۔