بھارت میں جمہوریت ایک بین الاقوامی فراڈ ہے‘سردار فاروق احمد طاہر

کشمیری عوام کو غلام بنانے کے لیے سرینگر کی ویلی میں جعلی انتخابی ڈرامے رچا کر منظور نظر حکومتیں بنائی جاتی ہیں‘قائمقام سپیکر

جمعرات 21 جون 2018 13:07

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) آزاد کشمیر اسمبلی کے قائم مقام سپیکر سردار فاروق احمد طاہر نے کہا ہے کہ بھارت میں جمہوریت ایک بین الاقوامی فراڈ ہے۔ کشمیری عوام کو غلام بنانے کے لیے سرینگر کی ویلی میں جعلی انتخابی ڈرامے رچا کر منظور نظر حکومتیں بنائی جاتی ہیں اور جب مرکز کی خواہشات کی تکمیل نہیں ہو پاتی تو گورنر راج کا ڈھونگ رچایا جاتاہے ، طاقت کے بل بوتے پر کشمیری عوام کا بے دریغ قتل عام کیا جا رہا ہے جس کا عالمی برادری اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو جائزہ لینا چاہیے۔

قائم مقام سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی نے حُریت کانفرنس سمیت کشمیری قائدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اندر اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیں کیونکہ بھارت اندر سے ٹُوٹ پُھوٹ کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لیے امن کا راستہ اختیار نہ کیاتو رُوس کی طرح بھارت کا شیرازہ بھی جلد بکھر جائے گا۔ اُنہوں نے مقبوضہ کشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے استعفیٰ کا خیر مقدم کیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ کشمیری قیادت کو بھارت کی کٹھ پُتلی نہیں بننا چاہیے۔ رام راج جلد اپنے انجام کو پہنچے گا۔ شہدائے کشمیر سمیت اسلاف کی سنہری قُربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور جلد کشمیری آزادی حاصل کر لیں گے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی صفوں کو منظم کریں تاکہ جلد آزادی مل سکے۔