بھارت کشمیریوں کی تحریک کو روک نہیں سکتا، علی رضا سید

بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے جبر و استبداد کا ہر ہتھکنڈہ استعمال کر رہا ہے

جمعرات 21 جون 2018 12:46

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) کشمیرکونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے کہاہے کہ بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے جبر و استبداد کا ہر ہتھکنڈہ استعمال کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم مقصد میں ہرگز کامیاب نہیںہوگا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق علی رضا سید نے برسلز میںجاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت گزشتہ ستر برس سے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم ڈھا رہاہے لیکن کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ تحریک آزادی کو پورے عزم وہمت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے پہلی دفعہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کو بے نقاب اور بھارت کی نام و نہاد جمہوریت کا پردہ فاش کیاہے۔انہوںنے کہا کہ عالمی ادارے کی رپورٹ سے توجہ ہٹانے کے لیے سینئر کشمیری صحافی شجاعت بخاری کو قتل کیا گیا۔

(جاری ہے)

علی رضا سید نے کہا کہ بھارت کی ظالمانہ پالیسی ناکام ہوچکی ہے اور اب اس نے نہتے کشمیریوں پر مزید سختیاں کرنے کے لیے مقبوضہ علاقے میں گورنر راج نافذ کردیاہے۔

چیئرمین کشمیرکونسل یورپی یونین نے مزید کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی اقوام متحدہ کی رپورٹ کی روشنی میں عالمی سطح پر تحقیقات کی جائیں۔علی رضا سید نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو کشمیریوں پر مظالم سے روکے اورتنازعہ کشمیرکے پرامن حل کے لیے اپنا کردار کرے