مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کیخلاف وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی

ْسید علی گیلانی ،میر واعظ، یاسین ملک ، اشرف صحرائی اور دیگر رہنما ئوں کو نظر بند کردیاگیا

جمعرات 21 جون 2018 12:46

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے قتل عام کی جاری لہر کے خلاف جمعرات کووادی بھر میں مکمل ہڑتال رہی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی تھی۔ ہڑتال کا مقصد سینئر کشمیری صحافی شجاعت بخاری کے بہیمانہ قتل کے خلاف بھی احتجاج ریکارڈکرانا ہے۔

(جاری ہے)

تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوںپر ٹریفک معطل رہی۔ دریں اثنا بھارتی پولیس نے محمد یاسین ملک کو جمعرات کوصبح سویرے سرینگر کے علاقے مائسمہ میں انکے گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار کرکے کوٹھی باغ تھانے میں نظر بند کر دیاگیا۔ انتظامیہ نے نوجوانوں کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہروں کی قیادت سے روکنے کیلئے حریت رہنمائوں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، محمد اشرف صحرائی، ہلال احمد وار،بلال احمد صدیقی اوردیگرکو بھی گھروں اور تھانوں میں نظر بند کر دیا۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے مقبوضہ وادی میں ریل سروس بھی معطل کر دی۔