دُبئی:مارشل آرٹ کی ماہر خاتون کا کوئی داؤ پیچ کام نہ آیا

ایئر پورٹ پر تعینات اہلکار سے بدتمیزی کرنے پر سزا کا سامنا کرنا پڑے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 جون 2018 11:52

دُبئی:مارشل آرٹ کی ماہر خاتون کا کوئی داؤ پیچ کام نہ آیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جُون 2018ء) مصر سے تعلق رکھنے والی مارشل آرٹ کی ماہر خاتون کو دُبئی ایئرپورٹ پر تعینات پاسپورٹ کنٹرول آفیسر سے بدتمیزی کرنے‘ دھکا دینے اور خوفزدہ کرنے کے الزام میں دھر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق امارتی پاسپورٹ کنٹرول افسر خلیجی ممالک اور امارتی شہریوں کی لائن میں کھڑے لوگوں کی نگرانی اور رہنمائی کے لیے تعینات تھا ۔

اس دوران اُس نے غیر خلیجی ممالک کے مسافروں سے کہا کہ وہ دُوسری قطار میں چلے جائیں کیونکہ یہ قطار خلیجی ممالک اور امارات کے شہریوں کے لیے مخصوص تھی۔ سارے غیر خلیجی ممالک کے شہری دُوسری قطار میں چلے گئے مگر ایک مصری خاتون ٹس سے مس نہ ہوئی تو اہلکار نے اُسے بتایا کہ وہ غلط قطار میں کھڑی ہے‘ لہٰذا صحیح والی قطار میں چلی جائے۔

(جاری ہے)

مگر خاتون نے دُوسری قطار میں جانے سے انکار کر دیا اس پر اہلکار نے اُسے پھر بتایا کہ یہ قطار اماراتی شہریوں کے لیے مخصوص ہے‘ اس پر خاتون مشتعل ہو کر اُسے بُرا بھلا کہنے لگی ۔

اسی پر بس نہ کی بلکہ اُس کا مذاق اُڑایا‘ اُسے خوفزدہ کرنے کی کوشش کی اور اُسے وہاں موجود دیگر مسافروں کے سامنے دھکا بھی دیا۔اس ناروا سلوک پر اہلکار نے خاتون سے کہا کہ وہ اُس کے ساتھ ڈیوٹی سپروائزر کے دفتر میں چلے۔ خاتون نے دیدہ دلیری سے سپروائزر کے سامنے بھی مذکورہ اہلکار سے ایک بار پھر بدسلوکی کا مظاہرہ کیا اور اسے ایک بار پھر دھکّا دیا۔

فروری 2018ء میں پیش آنے والے اس وقوعے پر اماراتی اہلکار نے خاتون کے خلاف حملہ آور ہونے‘ بے عزتی کرنے اور احمق کہنے پر شکایت درج کرائی تھی۔ عدالت میں سماعت کے دوران مصری ملزمہ اپنی صفائی پیش کرنے کے لیے حاضر نہ ہوئی۔ عدالت میں اہلکار نے بتایا کہ خاتون نے اُس سے بدتمیزی کرنے کے علاوہ اُسے ڈرایا کہ وہ مارشل آرٹ کی کھلاڑی ہے اور کئی چیمپئن شپ بھی جیت چکی ہے۔ خاتون کے مسلسل بدتمیزی کرنے پر اُسے ایئرپورٹ پر موجود پولیس کو طلب کر کے گرفتار کر دیا گیا۔ ملزمہ نے بعد ازاں ضمانت کرا لی تھی۔ ملزمہ کی سماعت کے دوران غیر حاضری کے باعث مذکورہ کیس کا فیصلہ 26 جُون 2018کو سُنایا جائے گا۔