Live Updates

سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز لندن میں زیر علاج

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گلدستہ بھجوادیا، نیک خواہشات کا اظہار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 جون 2018 11:43

سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز لندن میں زیر علاج
لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جون 2018ء) : سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز لندن میں زیر علاج ہیں، ڈاکٹرز نے بیگم کلثوم نواز کو مصنوعی تنفس یعنی وینٹی لیٹر پر رکھا ہوا ہے۔ بیگم کلثوم نواز کے لیے پوری قوم دعاگو ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی بیگم کلثوم نواز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیگم کلثوم نواز کو پھولوں کو گلدستہ بھی بھجوایا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد از جلد صحت دے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں شریف خاندان اور بیگم کلثوم نواز کے ساتھ ہیں۔

اللہ تعالیٰ جلد انہیں مکمل صحت یاب کرے۔ قبل ازیں بیگم کلثوم نواز کو اسپتال میں داخل کیے جانے پر بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی فیملی کو پیغام بھیجا جس میں آرمی چیف نے بیگم کلثوم نواز کی جلد اور مکمل صحت یابی سمیت ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا اس کے علاوہ پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان ، پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سمیت کئی سیاسی رہنماؤں نے بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کی دعا کی اور سابق خاتون اول اور شریف خاندان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 15 جون کو سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں ایک بار پھر لندن کے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ اب تک وینٹی لیٹر پر ہیں۔ دو روز قبل طبی ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بیگم کلثوم نواز کے اعضائے رئیسہ درست کام کررہے ہیں، وینٹی لیٹر پر جانے کے بعد ایک بار انہوں نے آنکھیں بھی کھولیں جبکہ ڈاکٹرز 24 گھنٹے سابق خاتون اول کی نگہداشت کر رہے ہیں اور ان کی طبیعت کا جائزہ لے رہے ہیں۔ گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اسپتال پہنچنے کے بعد سے اب تک انہوں نے بیگم کلثوم کو ہوش میں نہیں دیکھا۔ نواز شریف نے دعاؤں میں بیگم کلثوم کو یاد رکھنے پر قوم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات