صدر ممنون سے تاجک وزیراعظم اور ایوان زیریں کے سپیکر کی ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

پاکستان اور تاجکستان کے درمیان صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی گنجائش ہے ، باہمی تعاون کو فروغ دے کر دونوں ممالک کے عوام کے معیار زندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے،صدر مملکت کی گفتگو

بدھ 20 جون 2018 23:50

دوشنبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) صدر مملکت ممنون حسین سے بدھ کو تاجک وزیراعظم خواہر رسول زادہ اور تاجک ایوان زیریں کے سپیکر شکور جان نے ملاقات کی، یہ ملاقات دوشنبے میں صدر مملکت ممنون حسین کی قیام گاہ پر ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان تاریخ، ثقافت اور عقیدے کے انتہائی گہرے رشتوں میں بندھے ہیں، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید گہرائی پیدا ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی گنجائش ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ باہمی تعاون کو فروغ دے کر دونوں ممالک کے عوام کے معیار زندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے،دونوں ملکوں کو تیل، گیس، زرعی تحقیق، فوڈ پراسیسنگ کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی بھی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے شہریوں کیلئے ویزا پالیسی میں آسانی پیدا کرنی چاہیے اور مشترکہ منصوبے شروع کرنے چاہئیں۔

انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست فضائی رابطوں میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے آبی وسائل کے حوالے سے کامیاب کانفرنس کروانے پر تاجک رہنماؤں کو مبارکباد دی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے تاجکستان کو اقتصادی تعاون تنظیم کی قیادت سنبھالنے کی بھی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں استحکام دونوں ملکوں کی مشترکہ خواہش ہے، اس سلسلے میں دونوں ملک افغانستان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔