صاف شفاف اور بروقت الیکشن کا انعقاد نگران حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،نگران صوبائی وزیر اطلاعات

بدھ 20 جون 2018 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) نگران صوبائی وزیر اطلاعات و انفارمیشن ٹیکنالوجی ملک خرم شہزاد نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری کی قیادت میں اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے نبھانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے صاف شفاف اور بروقت الیکشن کا انعقاد نگران حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل کو انٹر ویو میں دیتے ہوئے کیا ۔

انہوںنے کہا کہ حکومتی سطح پر الیکشن کے حوالے سے کئے جانے والے تمام انتظامات مکمل ہیں جن میں امن و امان کی صورتحال کو انتہائی اہمیت دی جارہی ہے ۔ لہٰذا اس سلسلے میں نگران صوبائی حکومت اور سیکیورٹی ادارے باہمی روابط کے ذریعے خاص علاقوںمیں جہاں سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں ایک مربوط حکمت عملی کے تحت امن و امان کو بحال رکھنے کیلئے فول پروف اقدامات کررہے ہیں تاکہ پورے صوبے کے عوام پر امن اور خوشگوار ماحول میں اپنا رائے حق دہی استعمال کرسکیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء نگران صوبائی وزیر سے ان کے دفترمیں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ملاقات کی اورانہیں نگران صوبائی وزیر بننے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیاکہ وہ اس مختصر عرصے میں صوبے کی ترقی اور خصوصا ً الیکشن کے بروقت انعقاد کے حوالے سے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے ۔