صدر مملکت اور ترکمانستانی ہم منصب کا دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے ،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اورتاپی کو جلد از جلد مکمل کرنے پر اتفاق

ممنون حسین اور ترکمانستان کے صدر کے درمیان تاجکستان میں عالمی کانفرنس کے موقع پر ملاقات میں اہم امور پر گفتگو

بدھ 20 جون 2018 22:20

دوشنبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) صدر مملکت ممنون حسین اور ترکمانستان کے صدر گروبنگولی بردیما ہانوف نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے سمیت تجارت اور معیشت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور ترکمانستان،پاکستان، افغانستان اوربھارت گیس پائپ لائن منصوبہ (تاپی) کو جلد از جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

یہ اتفاق رائے تاجکستان کی میزبانی میں ’’2018ء سے 2028ء تک پائیدار ترقی کیلئے پانی کی اہمیت اور اس ضمن میں عالمی سطح پر اقدامات کی دہائی‘‘ کے موضوع پر منعقدہ اعلیٰ سطح کی عالمی کانفرنس کے موقع پر سائیڈ لائن ملاقاتوں میں طے پایا گیا۔ دونوں صدور کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔صدر مملکت ممنون حسین نے اس موقع پر دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے دونوں ممالک کے نجی شعبوں اور چیمبر آف کامرس کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان دونوں ممالک کو تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو وسعت دینے کیلئے ایک دوسرے کے ملک میں تجارتی نمائشوں کا انعقاد یقینی بنانا ہو گا۔

(جاری ہے)

ترکمانستان کے صدر نے صدر مملکت ممنون حسین کی تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان کے ساتھ زندگی کے ہر شعبہ میں تعاون کو وسعت دی جائے۔