کرکٹر احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آگیا

احمد شہزاد کو 3 ماہ یا زائد کی پابندی کا سامنا ہوسکتا ہے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس بدھ 20 جون 2018 22:20

کرکٹر احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آگیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 20 جون 2018ء) :کرکٹر احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آگیا۔ احمد شہزاد کو 3 ماہ یا زائد کی پابندی کا سامنا ہوسکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق ممنوعہ ادویات کا استعمال اور پاکستان کھلاڑیوں کا ساتھ کافی پرانا ہو چکا ہے۔آئے روز پاکستانی کرکٹ ٹیم کا کوئی نہ کوئی بڑا نام اس تنازعے میں پھنساہوتا ہے اور ایسا ہی ایک نیا سکینڈل منظر عام پر آچکا ہے۔

کرکٹر احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آگیا۔ ڈومیسٹک میچ کے دوران احمد شہزاد کا ٹیسٹ لیا گیا تھا۔پاکستان کی سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ حکام نے اس بات کا انکشاف کیا کہ احمد شہزاد پر ممنوعہ قوت بخش ادویات استعمال کرنے کا الزام ثابت ہوگیا ہے اور ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد احمد شہزاد کی زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت پر غور نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

احمد شہزاد کی جگہ محمد حفیظ اور شان مسعود پاکستانی ٹیم میں شمولیت کے لئے مضبوط امیدوار ہیں۔ اس حوالے سے احمد شہزاد کے خلاف کیا کاروائی کی جا سکتی ہے اس حوالے سے تاحال فیصلہ نہیں ہوسکا تاہم احمد شہزاد پر پابندی کی تلوار لٹکنے لگی ہے ۔ماہرین کے مطابق احمد شہزاد کو 3 ماہ یا زائد کی پابندی کا سامنا ہوسکتا ہے۔یاد رہے کہ احمد شہزاد پہلے پاکستانی کرکٹر نہیں ہیں جنکا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا ہے ،ان سے پہلے بھی پاکستان کے کئی بڑے نام ممنوعہ ادویات استعمال کرکے خود کو مصیبت میں ڈال چکے ہیں جن میں شعیب اختر، محمد آصف، عبدالرحمن، رضا حسن اور کئی کرکٹرز شامل ہیں جن کو ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پابندی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔