Live Updates

متحدہ مجلس عمل ملک میں اسلامی فلاحی مملکت کا قیام عمل میں لائے گی، اورنگزیب خلیل

ہماری قومی اسمبلی خود قانون بنانے کے بجائے عالمی ڈکٹیشن لیتی ہے ، ہم نیاپاکستان نہیں اسلامی پاکستان بناکردم لینگے ،میڈیا سے گفتگو

بدھ 20 جون 2018 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنماء انجینئرحاجی اورنگزیب خلیل نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل ملک میں اسلامی فلاحی مملکت کا قیام عمل میں لائے گی، ملک میں دینی قوتوں کا ووٹ بینک اکٹھاہو گا اور سیکولر قوتوں کو شکست فاش ہوگی، ہمارے لئے اصل چیلنج 2018 کے انتخابات میں کامیابی ہے ، ہم نے سیکولر امریکا نواز حکمرانوں کی بالادستی پہلے قبول کی ہے نہ آئندہ کریں گے ، آج ہم پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا عزم کرتے ہیں۔

میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ 70سال سیکولر لوگوں نے حکومت کی ،آج مینار پاکستان ان کے جھوٹ کی گواہی دے رہاہے، امت کو جنگوں کا ایندھن بنایا جارہاہے ، جب تک انسانی حقوق کا تحفظ نہیں ہوگا دنیا میں امن کی کوئی ضمانت نہیں دے سکتا ، ہمیں آزادی کی قیمت اچھی طرح معلوم ہے ہماری سیاست اور پارلیمنٹ پر اقوام متحدہ قبضہ چاہتاہے اور ہماری معیشت پر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک قابض ہوچکاہے ، ہماری قومی اسمبلی خود قانون بنانے کے بجائے عالمی ڈکٹیشن لیتی ہے ،انکاکہناتھاکہ ہم نیاپاکستان نہیں اسلامی پاکستان بناکردم لینگے ،70 سال گزر گئے لیکن ایک دن کے لئے ہم نے پاکستان میں اسلامی نظام نہیں دیکھا ، قائد اعظم کی قیادت میں لاکھوں مسلمانوں نے پاکستان کیلئے تاریخ کی عظیم قربانیاں ان سیکولر اور کرپٹ حکمرانوں کے لئے نہیں دی تھیں ۔

(جاری ہے)

اورنگزیب خلیل کا کہنا تھا کہ عوام اب اپنی ذات کے لئے ووٹ کا استعمال کریں اور ان ظالموں کے بنگلوں کا طواف چھوڑ دیں، عمران خان اور نوازشریف نے الیکشن کو مشکوک بنادیا خلائی مخلوق اور نادیدہ قوتوں کی بات کرکے الیکشن پر سے عوام کا اعتماد ختم کردیا اب اپنی پوزیشن کو کلیئر کرنا ان دونوں کیلئے ضروری ہے ، ہم گالی اور گولی کے بجائے خوشحالی اور ترقی کی سیاست چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سودی معیشت کبھی ترقی نہیں کرسکتی، ہم عشر و زکو کا نظام قائم کریں گے ۔پاکستان کے 2 خاندانوں کے ایک ارب ڈالر سے زیادہ سرمایہ برطانیہ میں پڑاہے ،ان کی سیاست کا مرکز و محور دولت جمع کرناہے، سیاسی پارٹیاں لٹیروں کے یتیم خانے بن چکی ہیں،انکا کہنا تھا کہ متحدہ مجلس عمل ملک میں اللہ کا نظام قائم کرنا چاہتی ہے، زندگی کے آخری لمحے اور خون کے آخری قطرے تک ہم پاکستا ن میں شریعت کے نفاذ کیلئے لڑیں گے ، دینی جماعتوں کے اتحاد سے آ ج امریکا کے آلہ کار پریشان ہیں، وہ اپنے بنگلوں میں بیٹھے گم سم ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ اگر 1970 میں متحدہ مجلس عمل جیسی قوت ہوتی تو پاکستان دو لخت نہ ہوتا، دینی جماعتیں اس لئے متحد ہوئی ہیں کہ پھر قوم کو کوئی سانحہ نہ دیکھنا پڑے۔ انہوں نے کہاکہ متحد ہ مجلس عمل کی صفوں میں کوئی لینڈ مافیا ، شوگر مافیا اور ڈر گ مافیا نہیں ہے اور نہ آف شور کمپنیوں والے ہیں، ایم ایم اے کے قافلے میں عاشقان رسول ہیں ، اندھے گونگے اور بہرے حکمران کشمیر و فلسطین میں ہونے والے مظالم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، آ ج امریکی دھمکیوں کے بعد عالم اسلام کو بھی ایم ایم اے کی ضرورت ہے ، ہم بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے کی مذمت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام ملک میں حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں، متحدہ مجلس عمل پورے پاکستان میں بھر پور کامیابی کاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل ملک میں اسلامی فلاحی مملکت کا قیام عمل میں لائے گی، ملک میں دینی قوتوں کا ووٹ بینک اکٹھاہو گا اور سیکولر قوتوں کو شکست فاش ہوگی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات