چارسدہ ، مہمند کلے کے سینکڑوں خاندانوں کا آئندہ انتخابات سے بائیکاٹ کا اعلان

جو بھی پارٹی انتخابات سے پہلے علاقے کو سوئی گیس کی فراہمی ، بجلی ٹرانسفارمر، نکا س آب کا مسئلہ ،ہسپتال کی تعمیر ، لڑکیوں کیلئے مڈل اور ہائی سکول سمیت دیگربنیادی مسائل حل کریگی اسی پارٹی کو اجتماعی طور پر ووٹ دینگے ، عمائدین

بدھ 20 جون 2018 19:40

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جون2018ء) مہمند کلے کے سینکڑوں خاندانوں کا آئندہ انتخابات سے بائیکاٹ کا اعلان ۔ علاقے کے عوام سوئی گیس ، تعلیم ، صحت ، بجلی اور نکا س آب کے گو نا گوں مسائل سے د و چار ہیںمگر سیاسی پارٹیاں ووٹ لینے کے بعد علاقے کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو بھول جاتے ہیں۔ علاقے سے خان ازم کا خاتمہ کرنے کا وقت آپہنچا ہے ۔

اے این پی کے بخت روان مہمند کی رہائش گاہ پر عمائدین علاقہ کا گرینڈ جرگہ ۔ تفصیلات کے مطابق پی کے 58کے علاقہ مہمند کلے کے سینکڑوں خاندانوں کا گرینڈ جرگہ اے این پی کے رہنماء بخت روان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ جرگہ میں عمائدین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور متفقہ طور پر آئندہ عام انتخابات سے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔

(جاری ہے)

جرگہ سے خطاب کر تے ہوئے بخت روان ، خائستہ رحمان ، حاجی سید رحمان ، حاجی رحیم گل ، حاجی شہزادہ ، حاجی محبوب خان ، حاجی اقبال ، حاجی اسلم ، حاجی شیر عالم ، حاجی شیر علی ، حاجی عظیم خان اور دیگر نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دنوں میں اے این پی سمیت دیگر پارٹیاں علاقے کے مسائل حل کرنے کے وعدوں پر ووٹ لیکر غائب ہو تے ہیں ۔

مقررین نے کہا کہ سیاسی پارٹیوںکے حالی ہولی وعدوں اور دعوئوں سے اہل علاقہ میں مایوسی پھیل چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خان ازم ختم کرنے کا وقت آپہنچا ہے ۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ پی کے 58کے تمام علاقوں میں سوئی گیس فراہم کی گئی ہے مگر مہمند کلے کے عوام سوئی گیس کی نعمت سے محروم ہیں۔ قیام پاکستان کے وقت سے بجلی کی بوسیدہ تاروں کی وجہ سے علاقے میں ہر وقت بجلی بند ہو جا تی ہے ۔

پورے علاقے میں ایک ٹرانسفارمر نصب ہے ۔ مہمند کلے میں لڑکیوں کیلئے کوئی مڈل اور ہائی سکول نہیں ہے جس کی وجہ سے بچیاں حصول تعلیم سے محروم ہیں۔ مہمند کلے میں صحت کی سہولیات ناپید ہے اور پورے علاقے میں کوئی ڈسپنری اور ہسپتال موجو د نہیں ۔نکا س آب کے مناسب انتظامات نہ ہو نے کی وجہ سے بارش کے دوران اہل علاقہ دوہرے مشکلات کا شکار ہو جا تے ہیں۔جرگہ میں ایک قرار داد منظور کی گئی جس میں واضح کیا گیا کہ جو بھی پارٹی انتخابات سے پہلے علاقے کو سوئی گیس کی فراہمی ، بجلی ٹرانسفارمر، نکا س آب کا مسئلہ ،ہسپتال کی تعمیر ، لڑکیوں کیلئے مڈل اور ہائی سکول سمیت دیگربنیادی مسائل حل کریگی اسی پارٹی کو اجتماعی طور پر ووٹ دینگے ۔