متحدہ عرب امارات:کارچوروں کی چالاکی دھری کی دھری رہ گئی

گاڑی خریدنے کے بہانے اُس کی ٹیسٹ ڈرائیونگ کے دوران ڈپلیکیٹ چابی بنوا لی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 20 جون 2018 17:30

متحدہ عرب امارات:کارچوروں کی چالاکی دھری کی دھری رہ گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جُون 2018ء) دُبئی پولیس نے دو کار چوروں کو ایک برانڈ نیو لینڈ کروزر چوری کرنے کے جُرم میں گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزمان نے گاڑی برائے فروخت کا آن لائن اشتہار دیکھا تو انہوں نے گاڑی کے مالک سے رابطہ کر کے گاڑی خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ پھر مالک سے ملاقات کر کے گاڑی کی ٹیسٹ ڈرائیونگ کے لیے ڈپلیکیٹ چابی مانگی اور گاڑی لے گئے۔

اس ٹیسٹ ڈرائیور کے دوران انہوں نے اس کی مزید ایک ڈپلیکیٹ چابی بنوا لی۔ ملزمان نے تھوڑی دیر بعد واپس آ کر گاڑی اور اس کی نئی بنوائی ڈپلیکیٹ چابی مالک کو لوٹا دی جبکہ مالک کی ڈپلیکیٹ چابی اپنے پاس رکھ لی۔ اس دوران وہ گاڑی خریدنے میں دلچسپی ظاہر کر کے مالک سے بھاؤ تاؤ کرتے رہے۔ مالک نے ڈپلیکیٹ چابی پہلے استعمال نہیں کی تھی اس لیے اسے علم نہ ہو سکا کہ ملزمان نے اصل ڈپلیکیٹ چابی اپنے پاس رکھ لی ہے جبکہ تازہ بنوائی ڈپلیکیٹ چابی اُسے تھما دی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد ملزمان وہاں سے گاڑی خریدے بغیر چلے گئے۔ پھر اسی دِن شام کو وہ گاڑی مالک کے گھر آئے اور ڈپلیکیٹ چابی کی مدد سے اُس کی گاڑی چوری کر کے فرار ہو گئے۔ جب مالک نے گاڑی اپنے گھر میں موجود نہ پائی تو فوراً پولیس کو اطلاع کر دی۔ پولیس کی جانب سے تفتیش کے دوران گاڑی مالک نے بتایا کہ کس طرح دو آدمی اُس کی گاڑی خریدنے کی خاطر آئے تھے۔

اس پر پولیس نے مذکورہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پہلے ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ وہ یہ گاڑی چوری کر کے اُسے مُلک سے باہر سمگل کر کے بیچنا چاہتے تھے۔ جبکہ دُوسرے ملزم نے چوری میں ملوث سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دوست کے ساتھ محض کار کی ٹیسٹ ڈرائیونگ کے لیے آیا تھا اور اسے بالکل علم نہیں تھا کہ اُس کے دوست نے یہ گاڑی چوری کر لی ہے۔ پولیس نے مزید تفتیش کے لیے دونوں ملزمان کو سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :