وقار یونس کو ورلڈ کپ 2019ءمیں پاکستانی ٹیم کے فاتح ہونے کا یقین

گرین شرٹس پر بہت دباﺅ ہوگا ، امیدہے کھلاڑی اپنے کھیل سے لطف اندوز ہوںگے:سابق ہیڈ کوچ

بدھ 20 جون 2018 17:10

وقار یونس کو ورلڈ کپ 2019ءمیں پاکستانی ٹیم کے فاتح ہونے کا یقین
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20جون 2018 ء) پاکستانی ٹیم نے گزشتہ سال دنیائے کرکٹ کو حیرت زدہ کرتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 180رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا اور قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ وقار یونس کا خیال ہے کہ گرین شرٹس 2019ءمیں ایک بار پھر برطانوی سرزمین پر ورلڈ کپ اپنے نام کرسکتے ہیں ۔

آئی سی سی کے ساتھ ایک انٹر ویو میں وقار یونس کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کا جائزہ لینے کے بعد یہ کہا جاسکتا ہے کہ اس ٹیم کا اعتماد بڑھ رہا ہے اور وہ یقین کی دولت سے مالا مال ہے ۔وقار یونس کا کہنا تھا کہ اس بات کے کافی امکانات ہیں کہ پاکستان اگلے سال ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائے ،ٹورنامنٹ میں بہت دباﺅ ہوگا،پورے ملک کو ان کھلاڑیوں سے بہت سی امیدیں وابستہ ہوں گی،انگلینڈ میں بہت سے پاکستانی رہتے ہیں جو اپنی ٹیم کے میچز دیکھنے کے لیے ہر جگہ موجود ہوں گے ،پاکستانی ٹیم کے لیے انگلینڈ میں بہت سپورٹ موجود ہوگی،مجھے علم ہے کہ ٹیم پر اپنے چاہنے والوں کا بہت دباﺅ ہوگا لیکن امید ہے کہ کھلاڑی اس دباﺅ کو برداشت کریں گے اور اپنے کھیل سے لطف اندوز ہوں گے ۔

(جاری ہے)

ایک جانب جہاں پاکستان کو انہی میدانوں میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے باعث ایڈوانٹیج حاصل ہے وہیں وقار یونس کا خیال ہے کہ موجودہ عالمی نمبر ایک ٹیم انگلینڈ کو اپنے ہوم گراﺅنڈ ز پر یہ ٹائٹل جیتنے کے لیے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ،سابق پیسر کے خیال میں میزبان ملک کیلئے ورلڈ کپ میں جیتنا بہت مشکل ہوتا ہے حالانکہ 2011ءمیں بھارت اور 2015ءمیں آسٹریلیا نے میزبان ملک ہونے کے باوجود یہ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

وقار یونس کا کہنا تھا کہ میزبان ملک پر ہمیشہ بہت زیادہ دباﺅ ہوتا ہے،گزشتہ دو ایڈیشنز میں میزبان ملک نے یہ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے جس سے اب انگلینڈ پر دباﺅ زیادہ بڑھ گیا ہے ،انگلینڈ کو اپنے ہو م گراﺅنڈ پر کھیلنے کا بہت تجریہ ہے لیکن ورلڈ کپ میں ہر ٹیم بہت زیادہ تیاری کرکے آتی ہے ۔